بھٹکل میں عید ملن و مشاعرہ کی یادگار محفل، اردو بھون کی تعمیرکا اعلان

بھٹکل(فکروخبرنیوز) کرناٹک اردو اکیڈمی، بنگلورو کے زیرِ اہتمام بھٹکل میں “عید ملن اور قومی یکجہتی مشاعرہ” ایک شاندار اور یادگار ادبی و ثقافتی تقریب بدھ، 15 اپریل 2026 کو آمنہ پیلس میں منعقد ہوئی، جہاں رات کی فضاء اردو ادب، محبت اور بھائی چارے کے پیغام سے معطر ہو گئی۔

تقریب میں مقررین اور شعراء نے نہ صرف اپنے خیالات کا اظہار کیا بلکہ اپنے دلنشین کلام سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ محفل میں حاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ہر شعر پر داد و تحسین کی صدائیں گونجتی رہیں۔

مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خطاب میں اردو زبان کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو جس سرزمین سے نکلی، وہاں شاید وہ آج زندہ نہ ہو، مگر جن کی یہ مادری زبان نہیں تھی، انہوں نے اسے سینے سے لگا کر زندہ رکھا۔ انہوں نے بھٹکل کی علمی و ادبی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منگلورو سے کوکن تک اردو کی سب سے بڑی لائبریری جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں موجود ہے، اور یہ شہر اردو خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنے ایوارڈ کرناٹک اردو اکیڈمی کے بھٹکل کو ملے ہیں شاید ہی وہ کسی اوراتنے چھوٹے شہر کو ملے ہوں۔

کرناٹک اردو اکیڈمی کے چیئرمین مولانا مفتی محمد علی قاضی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ محبت، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے 31 اضلاع میں اردو اکیڈمی کی جانب سے 78 سے زائد پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں بھٹکل کا انتخاب اس کی ادبی شناخت کی وجہ سے کیا گیا۔ انہوں نے گنگا جمنی تہذیب کے فروغ اور اردو زبان کے ذریعے قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے پر زوردیتے ہوئے بھٹکل میں اردو بھون کی تعمیر کی بھی یقین دہانی کرائی۔

مشاعرہ کا اصل حسن وہ لمحے تھے جب ملک کے مختلف شہروں سے آئے نامور شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ ڈاکٹر حنیف شباب، پروفیسر قدیر ناظم، اقبال سعیدی، شیخ حبیب، پروفیسر ریاض محمود، ابن حسن بھٹکلی، سردار سلیم، احمد باشما ساخر، ڈاکٹر داؤد محسن، مولانا سمعان خلیفہ ندوی، سراج شولا پوری، شریف احمد شریف، ڈاکٹر ناطق علی پوری، اسلم بخاری، انور خان انور، رفیق سرور، محمد تنویر عظیم اور سہیل عرشی نے اپنے منفرد انداز میں اشعار پیش کیے۔

ہر شاعر کے کلام نے سامعین کے دلوں کو چھوا، کہیں محبت کے رنگ بکھرے تو کہیں سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا۔ حاضرین نے بھرپور داد دے کر محفل کو مزید پرجوش بنا دیا۔

واضح رہے کہ اس پروگرام میں اردو میں سو فیصد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

شیئر کریں۔