بھٹکل ( فکروخبر نیوز) ’مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل‘ کے زیرِ اہتمام جمعرات کو بھٹکل کے مرکزی مقام ’پبلک چبوترہ‘ پر سیرت النبی ﷺ کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا۔ تقریب کا آغاز قاری احمد رکن الدین کی دلنشین اور روح پرور تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اور نعت سلمان محتشم نے پیش کی۔
اس بابرکت تقریب میں شہر کے معززین، عوام اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
جلسے کے دوران سیرت مہم کے سلسلے میں منعقدہ ’سیرت کوئز‘ (Quiz) مقابلوں کے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ صدرِ تنظیم عنایت اللہ شاہبندری اور دیگر ذمہ داران اسٹیج پر موجود رہے، جبکہ کوئز کے آخری اور بڑے انعام کے طور پر 15 ہزار روپے کا پہلا نقد انعام فضل الرحمن ابن کوثر جعفری شاہبندری کے نام نکلا۔
جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی اول مولانا انصار خطیب ندوی نے اپنے خطاب کے دوران نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اسوۂ حسنہ کے مختلف انقلابی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو اس بات کی طرف متوجہ کیا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ محض تاریخ کا حصہ نہیں ہے، بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر – خواہ وہ انفرادی زندگی ہو، خاندانی معاملات ہوں یا اجتماعی و معاشرتی امور – ہمارے لیے مکمل دستورِ عمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ پرفتن دور میں اخلاقی زوال سے بچنے اور معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم کرنے کے لیے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنانا اور ان پر عمل کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی دوم مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مکی اور مدنی دونوں دور کے حالات کا احاطہ کیا۔ انہوں نے حاضرین کی توجہ اس نکتہ مبذول کرائی کہ کس طرح آپ ﷺ نے انتہائی کٹھور حالات، مصائب اور مخالفتوں کے باوجود صبر و استقامت کا دامن نہیں چھوڑا اور دعوتِ حق کا کام جاری رکھا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مدنی زندگی میں آپ ﷺ نے جس عادلانہ معاشرے، باہمی رواداری، اخوت اور انسانی حقوق کی بنیاد رکھی، وہی اصول آج بھی پوری انسانیت کے لیے فلاح و نجات کا واحد ضامن ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی سے گہرا تعلق جوڑنے کی پرخلوص ترغیب دی۔
واضح رہے کہ صدر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے صدارتی خطاب کیا۔ جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے پروگرام کی غرض و غایت اور تنظیم کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے کنڑا زبان میں سیرت کے پیغام کو حاضرین کے سامنے رکھا۔ نظامت کے فرائض مولانا یاسر برماور ندوی اور جناب مبشر حسین ہلارے نے انجام دیئے۔
تقریب کے آخر میں تنظیم کے تعلیمی و ثقافتی کمیٹی کے کنوینر جناب عبد الماجد رکن الدین نے شکریہ کلمات پیش کیے جس میں خصوصی طور پر لبیک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا جن کی طرف سے شرکا کے لیے تواضع کا بہترین انتظام کیا تھا۔ دعائیہ کلمات کے ساتھ اس مبارک تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔




