بنگلورو: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے بنگلورو میں چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، جہاں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی آئی پی ایل 2025 کی فتح کے جشن کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔
راہل گاندھی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں لکھا، "بنگلورو کے چنناسوامی اسٹیڈیم کے قریب آر سی بی کی آئی پی ایل جیت کے جشن کے دوران ہونے والی المناک بھگدڑ دل دہلا دینے والی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید لکھا، ’’جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے، ان سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔ غم کی اس گھڑی میں میں بنگلورو کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کرناٹک حکومت کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد اور راحت فراہم کرنی چاہیے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’یہ سانحہ ایک تکلیف دہ یاد دہانی ہے کہ کوئی بھی جشن انسانی جان سے قیمتی نہیں ہو سکتا۔ عوامی تقریبات کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لے کر ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔ انسانی جانوں کو ہمیشہ ترجیح دی جانی چاہیے۔‘‘
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ اپنے بیان میں کھڑگے نے کہا، ’’آر سی بی کی جیت کے جشن کے دوران بھگدڑ سے قیمتی جانوں کا ضیاع اور درجنوں افراد کا زخمی ہونا شدید افسوسناک ہے۔ کانگریس پارٹی بنگلورو کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو راحت، طبی امداد اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے گی۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ریاستی حکومت اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر انہیں مزید سخت کرنا ہوگا تاکہ آئندہ ایسا کوئی سانحہ رونما نہ ہو۔ فتح کی خوشی انسانی جان کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
انڈین نیشنل کانگریس کے آفیشل ایکس ہینڈل سے بھی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا، ’’بنگلورو میں آر سی بی کی جیت کے جشن کے دوران بھگدڑ میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور زخمی ہونے والے افراد کی حالت ہمارے لیے نہایت تکلیف دہ ہے۔ کانگریس پارٹی بنگلورو کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ہر ممکن مدد اور طبی امداد فراہم کرنے کی کوششوں میں شامل رہے گی۔‘‘
یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر لاکھوں افراد آر سی بی کی فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہو گئے تھے۔ مرد، خواتین، نوجوان اور بزرگ سبھی جشن میں شامل تھے۔ کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا نے اس واقعے کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا ہے اور ہلاک شدگان کے خاندانوں کو 10-10 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ایکس پر بھی متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔