بلاری (فکروخبرنیوز) قومی شاہراہ 50 پر ہفتہ کی صبح ایک بھیانک سلسلہ وار سڑک حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ وجینگرا ضلع کے ہوسپیٹ تعلقہ میں داناپور کے قریب پیش آیا، جہاں ایک بس، لہسن سے لدی لاری، کار اور کئی دو پہیہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ ابتدا میں ایک معمولی تصادم سے شروع ہوا، تاہم صورتحال اس وقت سنگین ہوگئی جب تیز رفتار لاری نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد لاری بے قابو ہو کر پہلے بس اور پھر ایک کار سے جا ٹکرائی اور آخرکار الٹ گئی۔
حکام کے مطابق لاری کار پر گر گئی اور اسے تقریباً 100 میٹر تک گھسیٹتی رہی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لہسن سے بھری لاری چتردرگا کی جانب جا رہی تھی اور تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔
حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہوسپیٹ اور کوپل کے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد قومی شاہراہ 50 پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی کام شروع کیا جبکہ مقامی افراد بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے نظر آئے۔
پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
(پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)




