بھٹکل: عرفہ حج اینڈ عمرہ سرویس کے زیر اہتمام حج تربیتی کیمپ، علماء کی رہنمائی سے عازمین مستفید

بھٹکل (فکروخبرنیوز) عرفہ حج اینڈ عمرہ سرویس کی جانب سے آج بعد عصر آمنہ پیلیس میں حج تربیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر و اطراف کے عازمینِ حج نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کیمپ میں علماء کرام نے حج کے اہم مسائل، فضائل اور آداب پر جامع اور مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔

امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی نے اپنے خطاب میں حدیث کی روشنی میں حجِ مبرور کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا حج جو مکمل طور پر شریعت کے مطابق ادا کیا جائے، جس میں واجبات و سنتوں کا اہتمام ہو، وہی اللہ کے نزدیک مقبول ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حج کے مسائل سے ناواقفیت کی وجہ سے عازمین کا قیمتی وقت ضائع ہوجاتا ہے اور بعض اوقات ایسے امور سرزد ہوجاتے ہیں جو اس مقدس سرزمین کے شایانِ شان نہیں ہوتے۔ مولانا نے تاکید کی کہ مکہ مکرمہ کے سفر سے قبل حضرت ابراہیم علیہ السلام، نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرامؓ کی قربانیوں کو پڑھا اور سمجھا جائے تاکہ ان کے جذبات اپنے اندر پیدا کیے جا سکیں۔

قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے حج کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اپنی اصل میں مشکل نہیں، تاہم حج کے دوران مخصوص اوقات میں مختلف مقامات پر حاضری اور ازدحام کے باعث جسمانی تھکن ضرور ہوتی ہے۔ انہوں نے حج کے تین طریقوں کا ذکر کرتے ہوئے حج تمتع کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ ایک مقام سے دوسرے مقام تک جانا دراصل بندگی اور اطاعت کا عملی اظہار ہے، جس کے ذریعے بندے کو اپنی خواہشات کے بجائے اللہ کے حکم کے تابع رہنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا سمعان ندوی نے مدینہ منورہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مدینہ کی حاضری حج کے ارکان میں شامل نہیں، لیکن یہ ایک نہایت بابرکت سعادت ہے۔ انہوں نے درود شریف کی کثرت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ میں اس کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے، کیونکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس کی قبولیت کی امید یقینی طور پر کی جا سکتی ہے۔

مولانا ارشاد ندوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عازمین کو یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہیے کہ وہ اپنے ارادے سے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے بلاوے پر اس مقدس سفر پر جا رہے ہیں۔ اس احساس کے ساتھ سفر کرنے والا ہر مرحلے پر عاجزی، صبر اور شکر کا مظاہرہ کرتا ہے۔ انہوں نے عرفہ حج اینڈ عمرہ سرویس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے حج و عمرہ ادا کرنے والوں نے ہمیشہ اچھے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

آخر میں دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ بابرکت نشست اختتام پذیر ہوئی۔

شیئر کریں۔