بنگلورو کے آر وی سی اے کالج میں منعقدہ وی ٹی یو ریاستی سطح کراٹے چیمپئن شپ میں انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (اے آئی ٹی ایم) بھٹکل کے آخری سال کے ایم بی اے طالب علم پروین روی ہریجن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ اس غیر معمولی کامیابی نے نہ صرف ان کے تعلیمی ادارے بلکہ پورے ساحلی خطے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
ریاستی سطح کے اس سخت مقابلے میں مختلف تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد، پروین کی غیر معمولی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں ساؤتھ زون انٹر یونیورسٹی کراٹے چیمپئن شپ کے لیے بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ مقابلہ چنئی کی کریسنٹ یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا، جہاں وہ یونیورسٹی کی نمائندگی کریں گے۔
اس شاندار کامیابی پر انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کی انتظامیہ، کالج پرنسپل، شعبہ ایم بی اے کے سربراہ اور تمام اساتذہ نے پروین ہریجن کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اساتذہ اور انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ پروین آئندہ ہونے والے ساؤتھ زون انٹر یونیورسٹی مقابلے میں بھی ریاست اور ادارے کا نام روشن کریں گے اور کھیلوں کے میدان میں مسلسل کامیابیاں حاصل کریں گے۔




