ووٹر لسٹ کی اصلاح کے لیے الیکشن کمیشن کی نئی ہدایات

نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس ایس آر) کے دوران سامنے آنے والی ممکنہ غلطیوں کی درستگی کے لیے نئی اور واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ کمیشن کے مطابق ووٹر لسٹ میں نشان زد تمام مشتبہ یا غلط اندراجات کی جسمانی طور پر تصدیق لازمی ہوگی، جس کے لیے بوتھ سطح کے افسران (بی ایل او) متعلقہ ووٹرز کے گھروں پر جا کر تفصیلات کی جانچ کریں گے۔

کمیشن کی جانب سے جاری کردہ خط میں یکم جنوری 2027 کو ’اہلیت کی تاریخ‘ مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی گئی ہے کہ ووٹر لسٹ میں درج نام، تاریخِ پیدائش، رشتہ داروں کے نام، موبائل نمبر اور تصویر سمیت دیگر تمام بنیادی معلومات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔ غلطیاں یا فرق پائے جانے کی صورت میں بی ایل او گھر گھر جا کر تصدیق کریں گے اور ضرورت کے مطابق ووٹر سے دستخط شدہ فارم-8 حاصل کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی شفافیت اور قابلِ اعتماد ہونے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صرف خودکار شناختی نظام کی بنیاد پر ووٹرز کی تفصیلات میں کوئی تبدیلی یا اصلاح نہیں کی جائے گی۔ ہر طرح کی ترمیم کے لیے مقررہ طریقۂ کار اور ووٹر کی جانب سے دستخط شدہ فارم-8 درخواست لازمی قرار دی گئی ہے۔ کمیشن کے مطابق تصدیق اور اصلاح کا یہ پورا عمل ’ای سی آئی نیٹ‘ پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جائے گا، تاکہ آئندہ انتخابات سے قبل ووٹرز کے اعداد و شمار کی مکمل درستگی یقینی بنائی جا سکے۔

ان ہدایات کے تحت الیکشن کمیشن نے اتر پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، اڈیشہ، مغربی بنگال، تمل ناڈو، کرناٹک اور گجرات سمیت متعدد ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام خطوں کے چیف الیکٹورل افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ ووٹرز کی موجودہ تفصیلات کا خصوصی نظرثانی مہم کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار سے موازنہ کریں۔

موازنہ کے اس عمل میں جن اندراجات میں بے ضابطگی یا تضاد سامنے آئے گا، ان کی نشان دہی کر کے موقع پر تصدیق کرائی جائے گی۔ بی ایل اوز کی جانب سے حاصل کیے گئے فارم-8 درخواستوں کی جانچ اور حتمی تصفیہ معاون الیکٹورل رجسٹریشن افسر (اے ای آر او) اور الیکٹورل رجسٹریشن افسر (ای آر او) مقررہ ضابطوں کے مطابق کریں گے، اور مجاز افسر کی باقاعدہ منظوری کے بعد ہی ووٹر لسٹ میں تبدیلی نافذ ہوگی۔

شیئر کریں۔