مسابقہ میں شرکت کا مقصد صلاحیتوں کو نکھارنا ہے
کنڈلور(فکروخبرنیوز) جامعہ ضیاء العلوم کنڈور میں آج مسابقۃ الانشاد العربیہ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں جامعہ کے تقریباً 18 طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے عربی زبان میں مختلف نظمیں پیش کیں اور اپنی علمی، ادبی اور لسانی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس مسابقے کا بنیادی مقصد طلبہ میں عربی زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا، ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور عربی زبان میں اظہار و بیان کی استعداد کو پروان چڑھانا تھا۔
یہ پروگرام جامعہ کے ناظم مولانا عبید اللہ ابوبکر ندوی زوم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض عالیہ ثالثہ کے طلبہ نے انجام دیے اور اپنی خوش اسلوبی سے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مسابقے میں حکم کے فرائض جامعہ کے معتمدِ تعلیم مولانا ابراہیم رتناگری جامعی اور جامعہ کے سابق استاذ مفتی جمیل اختر جلیلی ندوی نے انجام دیے۔ دونوں حکم صاحبان نے طلبہ کی پیش کشوں کا بغور جائزہ لیا اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق نتائج مرتب کیے۔
پروگرام کے اختتام پر مفتی جمیل اختر جلیلی ندوی نے پہلے عربی زبان میں خطاب کیا، اس کے بعد اردو میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے نہایت اہم اور فکر انگیز باتیں پیش کیں۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مسابقوں میں شرکت کا اصل مقصد محض انعام حاصل کرنا نہیں، بلکہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا، اپنے آپ کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنا اور جس علمی و عملی میدان میں قدم رکھنے کا ارادہ ہے، اس کے لیے اپنی استعداد کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے انعام حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی ان طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جو انعام حاصل نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ انعام حاصل کرنا ہی کامیابی کا واحد معیار نہیں، بلکہ کسی مسابقے میں حصہ لینا، اپنی صلاحیتوں کو آزمانا اور اپنی کمزوریوں کی شناخت کرنا بھی بڑی کامیابی ہے۔ اس لیے طلبہ کو انعام نہ ملنے کی صورت میں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
مفتی جمیل اختر جلیلی ندوی نے عربی زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عربی زبان کو محض امتحان میں کامیابی یا مسابقوں میں انعام حاصل کرنے کے لیے نہیں سیکھنا چاہیے، بلکہ اس احساس کے ساتھ حاصل کرنا چاہیے کہ یہ قرآن کریم اور سنت نبوی ﷺ کی زبان ہے۔ جب طلبہ کے ذہنوں میں عربی زبان کی یہ عظمت اور اہمیت راسخ ہوگی تو وہ اس کے حصول کے لیے زیادہ اہتمام اور محنت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ میں ابتدائی درجات سے لے کر اعلیٰ درجات تک عربی زبان سیکھنے کے لیے مناسب کتابیں اور تعلیمی مواد فراہم کیا جاتا ہے۔ بالخصوص اول اور ثانی درجات میں قرآن کریم کی زبان سے لے کر معاصر اہلِ علم اور اہلِ زبان کے اسلوب سے طلبہ کو واقف کرایا جاتا ہے۔ اگر طلبہ ان کتابوں کو پوری توجہ، اہتمام اور محنت کے ساتھ پڑھیں تو ان شاء اللہ اعلیٰ درجات تک پہنچتے پہنچتے عربی زبان میں اچھی خاصی مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے عربی زبان میں گفتگو کی مشق پر بھی خصوصی زور دیا اور کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ اپنے درمیان ہونے والی گفتگو، باہمی مذاکرے اور اساتذہ کے ساتھ سوال و جواب میں عربی زبان استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ ہمارے مدارس کا ایک بڑا مسئلہ عربی زبان میں اظہار و ابلاغ کی کمزوری ہے۔ ہم قرآن، حدیث اور عربی کی مختلف کتابیں پڑھتے ہیں، لیکن اس کے باوجود عربی میں گفتگو کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ یہ ایک ایسی کمزوری ہے جس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اپنے خطاب کے آخری حصے میں انہوں نے طلبہ کی علمی و عملی ترقی کے لیے چند بنیادی امور کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے اخلاصِ نیت کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ہر طالب علم اپنے دل میں یہ جائزہ لے کہ وہ علم حاصل کرنے کے لیے جامعہ کیوں آیا ہے اور اس کا مقصد کیا ہے۔ اپنی نیت کو درست رکھنا اور اسے ہر طرح کی غیر ضروری غرض سے پاک رکھنا بے حد ضروری ہے۔
اسی طرح انہوں نے وقت کی قدر، غیر ضروری مشاغل سے اجتناب اور تعلیم پر مکمل توجہ دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبہ کو متنبہ کیا کہ اگر وہ اپنی توجہ تعلیم کے بجائے غیر ضروری کاموں میں صرف کریں گے تو اس کا نقصان انہیں اپنے تعلیمی مستقبل میں اٹھانا پڑے گا۔ بسا اوقات طلبہ آخری درجات میں پہنچ کر محسوس کرتے ہیں کہ کاش انہوں نے ابتدائی دور ہی سے اساتذہ کی نصیحتوں پر عمل کرتے ہوئے محنت کی ہوتی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر طلبہ ان نصیحتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے تو ان کی علمی صلاحیتوں میں نمایاں نکھار پیدا ہوگا اور جب وہ جامعہ سے فارغ ہوکر معاشرے میں قدم رکھیں گے تو دوسروں کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوں گے۔
بعد ازاں بزمِ ثقافت کے ذمہ دار مفتی فیاض احمد محمود برمار حسینی نے مسابقے کے نتائج کا اعلان کیا، جس کے مطابق ششم عربی کے طالب علم حافظ احمد مرڈیشور نے اول مقام حاصل کیا، شعبۂ افتاء کے ایک فاضل مولوی حسان شیرور نے دوم مقام حاصل کیا، جب کہ حافظ فراز کوکن نے سوم مقام حاصل کیا۔ تینوں کامیاب طلبہ کو ان کی نمایاں کارکردگی پرجامعہ کے اساتذہ مولانا ضمیر رشادی صاحب مولانا الیاس ندوی صاحب اور مفتی جمیل ندوی صاحب کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دیگر شریک طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
دعا پر اس مسابقہ کا اختتام ہوا۔
(موصولہ رپورٹ)




