بھٹکل کی سرابی ندی میں گندے پانی کے اخراج کا دیرینہ مسئلہ: ڈپٹی کمشنر کی سرزنش کے بعد کاروار واٹر بورڈ کی ٹیم کا معائنہ، ویٹ ویل خالی کر کے مستقل حل تلاش کرنے کا فیصلہ

بھٹکل(فکروخبرنیوز) شہر کے غوثیہ اسٹریٹ پر واقع سیوریج پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کے براہِ راست سرابی ندی میں بہنے کے سنگین اور دیرینہ مسئلے پر ضلع انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔ ہفتہ کے روز اتر کنڑا کے ڈپٹی کمشنر ہرشل بوئر نے پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ندی میں گندے پانی کے اخراج پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی تھی۔

ڈی سی کی ہدایات کے بعد بدھ کے روز کاروار سے واٹر بورڈ کے افسران کی ایک خصوصی ٹیم، جس میں اسسٹنٹ انجینئر ابھیشیک اور راجیو شامل تھے، بھٹکل پہنچی اور پمپنگ اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ موقع پر موجود بھٹکل میونسپل اسسٹنٹ انجینئر اروند نے معائنہ کار ٹیم کو بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق ’ویٹ ویل‘ (Wet Well) میں کسی قسم کا رساؤ (لیکیج) نہیں ہے، بلکہ اس میں جمع ہونے والا اضافی گندا پانی خود بخود ندی میں بہہ رہا ہے۔

دورے پر آئے ہوئے حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ندی میں سیوریج داخل ہونے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے سب سے پہلے ویٹ ویل کو مکمل طور پر خالی کر کے اس کا باریک بینی سے معائنہ کیا جانا ضروری ہے۔ حکام کی ہدایات کے مطابق آئندہ ہفتہ سے دو روز کے لیے ویٹ ویل میں گندے پانی کے داخلے کو روک دیا جائے گا۔ اس دوران صفائی اور تکنیکی جانچ کی سہولت کے لیے سیوریج کو ویٹ ویل کے بجائے عارضی طور پر متبادل راستے سے ندی کی طرف موڑا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا کہ معائنہ مکمل ہونے اور خرابی کی اصل وجہ سامنے آنے کے بعد اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھٹکل کا یہ مسئلہ عرصہ دراز سے حل طلب ہے، جس کی وجہ سے آس پاس کے مکین شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ گندے پانی کے ندی میں ملنے سے علاقے کے کنوؤں کا پانی آلودہ ہو کر ناقابلِ استعمال ہو چکا ہے اور مقامی آبادی گندگی اور تعفن بھرے ماحول میں سانس لینے پر مجبور ہے۔ عوامی حلقے اور سماجی تنظیمیں طویل عرصے سے اس کے مستقل تدارک کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

معائنے کے اس موقع پر مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عزیزالرحمن ندوی، تنظیم کے عہدیداران ایڈووکیٹ عمران لنکا، بلال قمری، آدم پنمبور، فیاض ملا اور مقامی سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔

شیئر کریں۔