آسمان نہیں گر پڑے گا……….سپریم کورٹ نے اعظم خان کی عبوری ضمانت پر روک لگانے سے کیا انکار

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کو منی لانڈرنگ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی عبوری ضمانت پر روک لگانے سے انکار کردیا۔ عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیا کہ ’’آسمان نہیں گر پڑے گا، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیجیے۔‘‘

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جویمالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے ای ڈی کی جانب سے دائر درخواست کو جمعرات کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

ای ڈی کے وکیل ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اعظم خان کی عبوری ضمانت پر فی الحال روک لگائی جائے اور صورتِ حال برقرار رکھنے کا حکم دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے عبوری مرحلے میں ہی تقریباً حتمی نوعیت کا حکم جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے 17 نومبر کو اعظم خان کو عبوری ضمانت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بادی النظر میں گرفتاری کے وقت انہیں تحریری طور پر وجوہاتِ گرفتاری فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

ہائی کورٹ نے اس معاملے میں ای ڈی کو ایک ہفتے کے اندر تفصیلی جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ اعظم خان کو جواب داخل کرنے کے لیے دس دن کی مہلت دی گئی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 10 دسمبر کو مقرر ہے۔

اعظم خان کو 31 اکتوبر کو رام پور ضلع جیل میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ یہ گرفتاری انہیں ایک دوسرے دوہری پین کارڈ فراڈ کیس میں ضمانت پر رہائی ملنے کے فوراً بعد عمل میں آئی تھی۔

یہ معاملہ مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ سے متعلق ہے، جس کے بانی اور سربراہ اعظم خان ہیں۔ ای ڈی کی تحقیقات میں مبینہ طور پر سرکاری فنڈز کے غلط استعمال، زمین کی خریداری میں بے ضابطگیوں اور محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر سے متعلق الزامات شامل ہیں۔

شیئر کریں۔