مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں کشیدگی نے ایک انتہائی سنگین رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں ایران نے کویت میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ بحرین، سعودی عرب اور آبنائے ہرمز میں بھی حملوں اور سکیورٹی خطرات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
کویتی حکام نے اپنے ملک پر ایران کے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور اپنی سلامتی و استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اس نے کویت میں موجود ایک امریکی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
ادھر بحرین نے بھی ایران پر ’’مجرمانہ حملوں‘‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ بحرینی حکام نے مختصر وقفے کے دوران ممکنہ خطرے کے دو ہنگامی الرٹ جاری کیے اور شہریوں کو پُرسکون رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی
سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں بھی کشیدگی کے اثرات سامنے آئے ہیں۔ ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کے مطابق منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اس کے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق اس واقعے میں عملے کے 11 ارکان زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک رکن تاحال لاپتہ ہے
دوسری جانب یمن کی حوثی تحریک نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو خدمات فراہم کرنے والے پمپنگ اسٹیشنوں پر ڈرون حملے کیے ہیں۔ ادھر سعودی حکام نے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے قریب ایک ڈرون کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
خلیجی خطے کے مختلف حصوں میں بیک وقت پیش آنے والے ان واقعات کے بعد علاقائی سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔




