’6 ریاستوں میں 10 کروڑ ووٹرس، ایس آئی آر میں لاکھوں نام حذف کرنے پر کانگریس کا بڑا سوال؟

کانگریس نے ایک بار پھر ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے حوالے سے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ووٹ چوری کی سازش رچی اور چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار نے اسے انجام دیا۔ کانگریس کے مطابق اس پورے عمل کا مقصد ووٹر لسٹ میں موجود خامیاں دور کرنا نہیں بلکہ بڑی تعداد میں ہندوستانی شہریوں کو ان کے ووٹ دینے کے آئینی حق سے محروم کرنا ہے۔ پارٹی نے ایس آئی آر روکنے اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے مطالبہ کا بھی اعادہ کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے جمعرات (29 اکتوبر) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ شیئر کی۔ اس کے مطابق کرناٹک، جھارکھنڈ، میگھالیہ، کیرلم، گوا اور میزورم میں ایس آئی آر کے دوران اب تک 1600 غیر ملکی شہریوں کی شناخت کی گئی ہے۔ ان 6 ریاستوں میں تقریباً 10 کروڑ لوگوں کو اس عمل سے گزرنا پڑا۔ جے رام رمیش نے سوال اٹھایا کہ اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی کے بعد غیر ملکی شہریوں کی اتنی کم تعداد سامنے آنے کا کیا مطلب ہے!

شیئر کریں۔