بھٹکل (فکروخبر نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھٹکل اسمبلی حلقہ کی حتمی ووٹر فہرست باضابطہ طور پر مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو سونپ دی گئی ہے۔ جاری کردہ اس تازہ ترین اور حتمی ووٹر لسٹ کے مطابق بھٹکل میں پچھلی ووٹر فہرست کے مقابلے میں ووٹرز کی کل تعداد میں تقریباً 13 ہزار کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق خصوصی نظرثانی کے اس عمل سے قبل بھٹکل اسمبلی حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً 2.31لاکھ تھی، جو اب اپ ڈیٹ شدہ لسٹ میں گھٹ کر تقریباً 2.18 لاکھ رہ گئی ہے۔ اس مہم کے دوران فارم 6 کے ذریعے تقریباً 5,700 نئے ووٹرز کا نام فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ دوسری طرف مختلف وجوہات کی بنا پر اندازاً 19 ہزار سے 20 ہزار ناموں کو ووٹر فہرست سے خارج کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ووٹرز کی مجموعی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔
ووٹر لسٹ سے اتنی بڑی تعداد میں ناموں کے اخراج اور ترامیم نے مقامی سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے اور اس موضوع پر بحث و مباحثہ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ انتخابی حکام نے تمام ووٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حتمی ووٹر لسٹ میں اپنے نام، پتہ اور دیگر تفصیلات کا اندراج لازماً چیک کر لیں۔ اگر کسی ووٹر کا نام فہرست سے غائب ہے یا کوئی اور مسئلہ ہے تو وہ فوری طور پر متعلقہ انتخابی حکام سے رابطہ کر کے درستی کی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔



