کمٹہ (فکروخبر نیوز) اترکنڑا ضلع کے مشہور سیاحتی مقام گوکرنا کے قریب واقع تدڑی بندرگاہ پر منگل کی شام ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں مچھلیاں پکڑنے والی کشتی کے اندر موجود اسٹوریج ٹینک کی صفائی کے دوران مبینہ طور پر زہریلی گیس کی زد میں آنے سے تین ماہی گیر دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے، جبکہ دو دیگر افراد کو بچالیا گیا۔ متاثرین میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 48 سالہ نوشاد، 40 سالہ امین اور 26 سالہ امان کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں افراد اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مچھلیاں پکڑنے والی کشتی پر کام کرتے تھے اور روزمرہ کی طرح سمندر میں مچھلیوں کے شکار کے بعد بندرگاہ واپس لوٹے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ کشتی کے بندرگاہ پہنچنے کے بعد ماہی گیروں نے پکڑی گئی مچھلیوں کو کشتی سے اتارنے کا کام مکمل کیا۔ اس کے بعد کشتی کے نچلے حصے میں واقع مچھلیاں ذخیرہ کرنے والے ٹینک کی صفائی شروع کی گئی، تاہم کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ معمول کا یہ کام ایک المناک حادثے میں تبدیل ہوجائے گا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صفائی کے لیے ٹینک میں اترنے والے ماہی گیر اچانک اندر موجود مبینہ زہریلی گیس یا شدید بدبو سے متاثر ہوگئے۔ ٹینک کے اندر دم گھٹنے کے باعث وہ یکے بعد دیگرے بے ہوش ہوگئے اور باہر نہیں نکل سکے۔
حادثے کا علم ہوتے ہی کشتی پر موجود دیگر ساتھیوں اور مقامی افراد نے متاثرین کو بچانے کی کوششیں شروع کردیں۔ فوری امدادی کارروائی کے دوران دو ماہی گیروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جنہیں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔ تاہم بدقسمتی سے تین افراد کی جان نہیں بچائی جاسکی۔
اطلاعات کے مطابق بچائے گئے دونوں افراد زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے سلسلے میں گوکرنا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے حادثے کے مختلف پہلوؤں کی جانچ شروع کردی ہے۔ حادثہ کی وجہ سے ماہی گیر طبقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور سب اس واقعہ پر اپنے افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔



