بھٹکل (فکروخبر نیوز) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے سالانہ سیرت مہم کے سلسلے میں کل بروز جمعرات، 29 اکتوبر 2026 کو رات پونے نو بجے بھٹکل کے مرکزی مقام پبلک چبوترہ پر سیرت النبی ﷺ کا ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ممتاز علماء کرام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ سیرت کوئز مقابلوں کے نتائج کا اعلان اور انعامات کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی۔
اس بات کا اعلان مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمن ندوی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم اپنی دیرینہ روایت کے مطابق ہر سال سیرت مہم کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور آپ کی سیرت مبارکہ کو عام کرنے کے لیے مختلف دینی، تعلیمی اور سماجی پروگرام منعقد کرتی آرہی ہے۔ اسی سلسلے میں اس سال بھی متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کی سیرت مہم میں برادران وطن کے ساتھ ملاقاتوں اور باہمی روابط کو فروغ دینے کے پروگراموں کے علاوہ طلبہ و طالبات کے لیے آن لائن اور آف لائن سیرت کوئز مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد نئی نسل کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، اخلاق و کردار اور اسلامی تعلیمات سے واقف کرانا ہے انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کے نتائج کا اعلان بروز جمعرات منعقد ہونے والے جلسہ عام میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے پرکشش انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
جلسے کے علمی و دینی پروگرام کے حوالے سے ذمہ داران نے بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مکی اور مدنی زندگی کے اہم گوشوں کو خصوصی طور پر موضوع بنایا گیا ہے۔ پروگرام میں امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی اور نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالنور فکردے ندوی کے خصوصی خطابات ہوں گے۔
انہوں نے عوام الناس سے سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں اس جلسے میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
اس موقع پرتنظیم کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔



