انڈر گراؤنڈ ڈرینیج، سرابی ندی کی آلودگی، زیر التوا ترقیاتی کام ، سڑکوں کی خستہ حالی، اور بجلی کے مسائل کے سلسلہ میں فوری حل کا مطالبہ
دبئی (فکروخبر نیوز) کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال ایس وئیدیا کے دورۂ دبئی کے موقع پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سیکریٹری منیری عتیق الرحمن کی جانب سے پیر 26 اکتوبر 2026 کو ان کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام رکھا گیا۔ اس موقع کی مناسبت سے بھٹکل مسلم خلیج کونسل نے بھٹکل کے چھ اہم عوامی مسائل پر مشتمل ایک تفصیلی یادداشت بھی تیار کی، جس میں ڈپٹی اسپیکر سے ان مسائل کے حل کے لیے ذاتی مداخلت اور فوری اقدامات کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے دبئی آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز مولانا محمد مولیٰ کرانی کی تلاوت سے ہوا اور نظامت کے فرائض میزبان منیری عتیق الرحمن نے انجام دئیے۔
عشائیے کا اہتمام دبئی کے دیرہ علاقے میں واقع بنی یاس اسٹریٹ کے ٹوئن ٹاور، ریزیڈنس بلاک کی 23ویں منزل پر واقع پینٹ ہاؤس میں رات آٹھ بجے رکھا گیا تھا۔
بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی جانب سے 26 اکتوبر کو مرتب کردہ یادداشت میں منکال وئیدیا کے دورۂ دبئی کے دوران بھٹکل کے غیر مقیم باشندوں سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
یادداشت میں خصوصی طور پر بندر روڈ، ساگر روڈ اور سرکاری اسپتال روڈ کی تعمیر و بہتری کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان سڑکوں کی حالت بہتر ہونے سے شہر کی خوب صورتی اور ترقی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ امید ظاہر کی گئی کہ ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
خلیجی ممالک کی دس جماعتوں کی نمائندگی کرنے والی بھٹکل مسلم خلیج کونسل نے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے ساتھ مل کر شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور رکن اسمبلی کی توجہ چھ اہم مطالبات کی جانب مبذول کرائی۔
انڈر گراؤنڈ ڈرینیج منصوبے کی خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ
یادداشت میں سب سے پہلے بھٹکل کے انڈر گراؤنڈ ڈرینیج (UGD) منصوبے کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ کہا گیا کہ یہ منصوبہ خصوصاً پرانے بھٹکل میں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کونسل نے منصوبے کا تکنیکی جائزہ لینے، ذمہ داریوں کا تعین کرنے اور مقررہ مدت کے اندر تمام خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا۔
مورین کٹے تنازع سے متعلق تقریباً 15 نوجوانوں کے مقدمات
دوسرے اہم مطالبے میں مورین کٹے تنازع سے متعلق تقریباً پندرہ نوجوانوں کے زیر التوا مقدمات کی جانب توجہ دلائی گئی۔ یادداشت میں درخواست کی گئی کہ ان معاملات میں قانونی دائرے کے اندر رہتے ہوئے جلد پیش رفت کو یقینی بنایا جائے تاکہ متعلقہ نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کو درپیش مشکلات میں کمی آسکے۔
سرابی ندی کو آلودگی سے پاک کرنے کا مطالبہ
تیسرے مطالبے میں سرابی ندی کی آلودگی کے مسئلے کو اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ بار بار یقین دہانیوں کے باوجود یہ مسئلہ اب تک حل نہیں ہوسکا ہے۔ کونسل نے ندی کو آلودگی سے پاک کرنے، عوامی صحت کے تحفظ اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کے ساتھ واضح مدت مقرر کرنے کی درخواست کی۔
اندرونی سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو
چوتھے مطالبے میں بھٹکل کی نظرانداز شدہ اندرونی سڑکوں کی خستہ حالی کی طرف توجہ دلائی گئی۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ رہائشی علاقوں کی سڑکوں کی مستقل مرمت اور تعمیر نو کے لیے مناسب فنڈز مختص کیے جائیں اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
بھٹکل میونسپل کونسل کے لیے مستقل عمارت
پانچویں مطالبے میں بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کے لیے مستقل عمارت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ یادداشت کے مطابق تحصیلدار دفتر کے احاطے میں تقریباً 35 گنٹے زمین دستیاب ہونے کی اطلاع ہے۔ کونسل نے درخواست کی کہ اس میں سے تقریباً 20 گنٹے زمین میونسپل کونسل کی مستقل عمارت کے لیے مختص کی جائے۔ کونسل نے کہا کہ ایک مستقل اور مناسب عمارت کی فراہمی شہر کے بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ بھٹکل میونسپل کونسل کے درجے میں ترقی کے لیے بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ یادداشت میں اس بات کا بھی حوالہ دیا گیا کہ سابق میونسپل صدر الطاف کھروری کے دور میں اس مطالبے کو اٹھایا گیا تھا۔
بجلی کی مسلسل بندش کا مسئلہ
چھٹے اور آخری مطالبے میں بھٹکل میں بار بار بجلی کی بندش اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا گیا۔ کونسل نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہیسکام (HESCOM) کے ساتھ فوری رابطہ کیا جائے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جائے۔
باقی ماندہ میعاد میں مسائل کے حل کی امید
یادداشت کے اختتام پر کہا گیا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران متعدد یقین دہانیوں کے باوجود کئی اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔ کونسل نے کہا کہ رکن اسمبلی کی موجودہ میعاد کے تقریباً ڈیڑھ سال باقی رہنے کے پیش نظر امید ہے کہ وہ اپنے تجربے، اثر و رسوخ اور سنجیدہ کوششوں کے ذریعے ان دیرینہ مسائل کو عملی طور پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ نشست میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں واضح مدت، مؤثر نگرانی اور مسلسل پیروی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بھٹکل کے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔
بھٹکل مسلم خلیج کونسل نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈپٹی اسپیکر منکال وئیدیا شہر کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور زیر التوا مسائل کے حل کے ذریعے بھٹکل کی ترقی میں دیرپا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر منکال وئیدیا نے اپنی اس مدت میں کیے گیے ترقیاتی کام پر روشنی ڈالی ، اسی طرح مختلف افراد نے بھی اپنے علاقے کے مسائل ان کے سامنے رکھے اور ان کے حل کا مطالبہ کیا۔




