منگلورو (فکروخبرنیوز) سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ترقی کے بڑے بڑے دعووں کے باوجود، منگلورو سٹی کارپوریشن (MCC) کے دائرہ اختیار میں آنے والے شیوا بھاگ علاقے کی خستہ حال سڑک نے مقامی رہائشیوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ ممتاز رہائشی علاقے میں واقع یہ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جبکہ نامکمل فٹ پاتھوں اور سڑک پر بہتے سیوریج کے گندے پانی نے راہگیروں اور مسافروں کی مشکلات میں حد درجہ اضافہ کر دیا ہے۔
بلدیاتی حکام اور منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے طویل عرصے سے جاری اس غفلت پر اپنے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقامی رہائشیوں نے سڑک کے کنارے ایک انوکھا تنزیہ بینر نصب کیا ہے، جس پر تحریر ہے: "گاڑی آہستہ چلائیں، یہ گڑھے ووٹ مانگنے والوں کے لیے یادگار ہیں "۔ یہ بینر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی پر انتظامیہ کے خلاف عوامی غم و غصے کی عکاسی کر رہا ہے۔ یہ سڑک پمپ ویل، بینڈور اور کدری شیوا بھاگ جیسے اہم علاقوں کو جوڑتی ہے اور ای ایس آئی (ESI) ہسپتال کے لیے بھی اہم راستہ فراہم کرتی ہے، لیکن سڑک کے گڈھوں کی وجہ سے بالخصوص دوپہیہ گاڑی سواروں کے لیے سفر انتہائی خطرناک بن چکا ہے۔
مقامی رہائشی اشونی بھٹ نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سڑک کی فوری مرمت نہ کی گئی تو تمام رہائشی آنے والے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ ایک اور شہری ارون نے بتایا کہ پچھلے کئی سالوں سے اس علاقے میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ بلدیہ کو بھاری ٹیکس ادا کرنے کے باوجود شہریوں کو پینے کے پانی، نالیوں کی صفائی اور سڑکوں کی درستی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ رہائشیوں نے سٹی کارپوریشن اور اعلیٰ حکام سے فوری طور پر سڑک کی مرمت، ڈرینیج کا کام مکمل کرنے اور سمارٹ سٹی کے معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔




