بنگلورو(فکروخبرنیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے طے شدہ جدول کے مطابق کرناٹک میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision) کا کام اپنے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ دفتر چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اپڈیٹ کے مطابق ریاست بھر میں ووٹر فہرست میں ناموں کے عدم اندراج (‘no mapping’) اور معلومات میں تضاد (‘anomaly’) کے سلسلے میں جاری کیے گئے تمام 43,82,824 نوٹسوں کی باقاعدہ سماعت مکمل کر لی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ حتمی ووٹر فہرست مورخہ 27 اکتوبر 2026 کو باضابطہ طور پر شائع کر دی جائے گی۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جون سے 22 اکتوبر کے درمیان ووٹر فہرست سے متعلق کل 25,87,461 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان میں نیا نام درج کرانے کے لیے فارم 6 کی 25,87,461 درخواستیں، بیرون ملک مقیم بھارتیوں کے لیے فارم 6A کی 4,840 درخواستیں، نااہل یا فرضی ناموں کے اخراج اور اعتراضات کے لیے فارم 7 کی 2,28,917 درخواستیں اور پتہ کی تبدیلی یا معلومات کی درستی کے لیے فارم 8 کی 13,10,841 درخواستیں شامل ہیں۔ سی ای او دفتر نے واضح کیا ہے کہ 23 ستمبر تک موصول ہونے والی فارم 7 کی تمام درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ ووٹر فہرست میں نام شامل کرنا، خارج کرنا اور غلطیوں کی تصحیح ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ شہری الیکشن کمیشن کی آفیشل ایپ (ECINET) یا پورٹل (voters.eci.gov.in) کے ذریعے آن لائن، نیز بوتھ لیول آفیسرز (BLO) اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر کے ذریعے آف لائن فارم جمع کروا سکتے ہیں۔ 27 اکتوبر کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے بعد تمام شہریوں کو اپنے نام اور تفصیلات کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




