غزہ کی کھڑی عمارتیں بھی گرا دو! مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اپیل کرنے والا لندن کا بھارتی ریسٹورنٹ مالک اب خود مدد کا طلب گار

لندن: غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور تباہی کے درمیان وہاں باقی ماندہ عمارتوں کو بھی مسمار کرنے کا مطالبہ کرنے والے لندن میں مقیم بھارتی ریسٹورنٹ مالک ہرمن سنگھ کپور کو اب اپنے کاروبار کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے متنازعہ بیان کے بعد ان کے ریسٹورنٹ کو آن لائن شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ستمبر کے اواخر میں ہرمن سنگھ کپور نے ایک ویڈیو جاری کرکے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج سے مطالبہ کیا تھا کہ غزہ میں اب تک کھڑی عمارتوں کو بھی تباہ کردیا جائے۔ ایسے وقت میں جب غزہ کے عوام تباہی، بے گھری اور انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، اس طرح کا مطالبہ شدید تنقید کا باعث بنا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کے ریسٹورنٹ ’سنگھ ڈائننگ‘ کے آن لائن صفحات پر منفی تبصروں اور ایک ستارہ ریویوز میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ کپور نے حالیہ ویڈیو میں عوام سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے کاروبار کو نقصان پہنچانے کے لیے جعلی منفی ریویوز پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، مالی مشکلات کے باعث ریسٹورنٹ کا کرایہ بھی بقایا ہوچکا ہے اور انہیں قانونی کارروائی کا خدشہ ہے۔

تاہم، آن لائن ریویوز میں مبینہ ردوبدل اور اس کے پس منظر سے متعلق ان کے دعووں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

غزہ کے بے گھر اور مصیبت زدہ عوام کے لیے باقی ماندہ عمارتیں محض تعمیرات نہیں، بلکہ پناہ اور زندگی کی امید ہیں۔

شیئر کریں۔