بنگلورو (فکروخبر نیوز) ریاست کرناٹک کے ساحلی خطے میں ہائی کورٹ کے سرکٹ یا مستقل بینچ کے قیام کے امکانات اور افادیت کا جائزہ لینے کے لیے چیف جسٹس نے ایک 3 رکنی اعلیٰ سطحی ججوں کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک رسمی حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
کمیٹی میں جسٹس انو شیوارامن، جسٹس ایس جی پنڈت اور جسٹس محمد نواز شامل ہیں۔ یہ کمیٹی ساحلی و ملناڈ اضلاع میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام سے متعلق تمام تکنیکی، انتظامی اور عوامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ جنوبی کنڑ، اڈپی، اتر کنڑ، شیوموگہ، چکمنگلورو، کوڈگو اورہاسن اضلاع کے عوام اور وکلاء کی جانب سے طویل عرصے سے ساحلی خطے میں ہائی کورٹ سرکٹ بینچ قائم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس اقدام سے ان اضلاع کے عوام کو قانونی چارہ جوئی کے لیے بنگلورو کے طویل سفر سے بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اپنے حالیہ دورۂ منگلورو کے دوران وکلاء اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کے بعد اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرنے کا یقین دلایا تھا۔ چیف جسٹس نے اپنے اسی وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے اب باضابطہ طور پر جائزہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جسے خطے کے لیے ایک انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔




