کیرالہ کے ضلع ترشور کے علاقے کیپمنگلم میں پانمبکنو کے قریب قومی شاہراہ 66 پر جمعہ کی دیر رات ایک ہولناک سڑک حادثے میں کار سوار تمام 8 افراد کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ دردناک حادثہ رات تقریباً 11:40 بجے اس وقت پیش آیا جب گرووایور سے کوڈنگلور کی طرف جا رہی ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی لاری سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔
اطلاعات کے مطابق تمام مہلوکین کا تعلق پڑوسی ریاست تمل ناڈو سے ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ طلبہ تھے۔ پولیس، فائر بریگیڈ کی ٹیم اور مقامی شہریوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور گیس کٹر اور ریسکیو آلات کی مدد سے گاڑی کو کاٹ کر اندر پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا، لیکن حادثہ اتنا شدید تھا کہ تمام 8 افراد کی موقع پر ہی موت ہو چکی تھی۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ترشور میڈیکل کالج ہسپتال کے مائل خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر تصدیق شدہ ذرائع کے مطابق مہلوکین تمل ناڈو کے ڈنڈی گل میں واقع پی ایس این اے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے اور مہلوکین کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔




