ڈانڈیلی (فکروخبرنیوز) اتر کنڑ ضلع کے ڈانڈیلی تعلقہ میں پچھلے چند دنوں سے مختلف مقامات پر چیتوں کی نقل و حرکت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس کے بعد اب شہر کے امبیواڑی علاقے میں بھی چیتا نظر آنے سے مقامی لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 9:30 بجے امبیواڑی کی کے پی ٹی سی ایل کالونی کے قریب ایک چیتے کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ مقامی لوگوں نے اس منظر کو اپنے موبائل فونز میں قید کر لیا، جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ چیتے پالتو کتوں کے شکار کی تلاش میں رِہائشی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے بستیوں میں خطرہ بڑھ گیا ہے۔
چیتوں کی مسلسل آمد و رفت کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں نے عام شہریوں، بالخصوص رات کے وقت سفر کرنے والوں کو شدید احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ عوام نے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ علاقے کا معائنہ کریں اور چیتوں کو پکڑنے کے لیے مناسب و موثر اقدامات کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




