بھٹکل (فکروخبر نیوز) جناب عبدالباری کولا مختصر علالت کے بعد بروز جمعرات اس دارِ فارنی سے کوچ کرگیے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
ان کے انتقال پر سیدنا عمیر جمعہ مسجد میں بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام ، مرحوم کے رشتہ داروں، احباب اور اہلِ خانہ کی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مرحوم کی زندگی کے مختلف روشن پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مرحوم کو عبادت و ریاضت سے غیر معمولی شغف تھا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں دنیاوی اعتبار سے فراوانی عطا فرمائی تھی، لیکن اس کے باوجود ان کی توجہ عبادت، ذکر و اذکار اور نیکی کے کاموں کی طرف ہمیشہ زیادہ رہی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں مرحوم کے ساتھ حجِ بیت اللہ کے سفر میں شریک ہونے کا موقع ملا، جہاں قریب سے ان کی عبادت گزاری، شوقِ بندگی اور اخلاص کو دیکھ کر وہ بے حد متاثر ہوئے۔اس سفر کے دوران ہم نے انہیں دیکھا کہ انہوں نے کسی بھی چیز پر کسی طرح کی شکایت نہیں کی۔
مرحوم کے قریبی رشتہ دار جناب سلیم کولا صدر مسجد سیدنا طلحہ) نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عبدالباری کولا مرحوم کو صلہ رحمی کی خصوصی فکر رہتی تھی۔ وہ اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنے، ان کے احوال دریافت کرنے اور ہر ممکن تعاون کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ یہ وصف ہمارے خاندان میں ہمارے دادا جناب حنیف صاحب کی وجہ سے ہمارے یہاں آیا جن کی ہمیشہ یہ فکر رہتی تھی کہ خاندان کا ہر فرد ایک دوسرے سے جڑا رہے اور باہمی محبت و خیرخواہی کو فروغ دے۔
ان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی ان کے اوصاف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب بھی محلہ، مسجد یا کسی اجتماعی خدمت کے لیے تعاون کی ضرورت پیش آتی، وہ سب سے پہلے اپنا حصہ ادا کرنے والوں میں شامل ہوتے تھے۔ بالخصوص مساجد کی تعمیر و ترقی اور دینی سرگرمیوں کے فروغ میں ان کا کردار قابلِ قدر رہا۔
تعزیتی نشست سے مولانا سید احمد ندوی (سیکریٹری، حنیف ویلفیئر ایسوسی ایشن)، مولانا مظفر لونگی (سیکریٹری، مسجد سیدنا طلحہ، طلحہ کالونی)، حافظ عبداللہ رکن الدین (سیکریٹری، سیدنا عمیر جمعہ مسجد) اور امام و خطیب سیدنا عمیر جمعہ مسجد مولانا قاضی ندوی نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کی خدمات و اوصاف پر روشنی ڈالی۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ آمین۔




