بھٹکل (فکروخبر نیوز) بچوں میں مطالعے کا ذوق بیدار کرنے اور ان کی علمی و فکری صلاحیتوں کو جِلا بخشنے کے مقصد سے مکتب جامعہ اسلامیہ چوک بازار میں ایک جدید طرز پر بچوں کے لیے خصوصی لائبریری مکتبۃ الاطفال کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں جمعرات، 23 محرم الحرام 1448ھ مطابق 9 جولائی 2026 کو مکتب کے احاطے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں جامعہ اسلامیہ کے ذمہ داران، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
لائبریری کا افتتاح صدر جامعہ مولانا عبد العلیم قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ جس کے بعد ناظم مولانا طلحہ ندوی، نائب ناظم مولانا خلیل الرحمن منیری، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی اور دیگر ذمہ دارانِ جامعہ نے خوشی کا اظہار کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بچوں میں مطالعے کی عادت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کتاب انسان کی بہترین ساتھی اور علم و شعور کے دروازے کھولنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مکتب کی سطح پر لائبریری کے قیام سے طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی اور معلوماتی مطالعے کے مواقع بھی میسر آئیں گے، جو ان کی فکری نشوونما میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب کا آغازدرجہ حفظ کے طالب علم اسحاق شاہ بندری کی تلاوتِ قرآن سے ہوا جبکہ عبدالبر بلگی نے نعتِ رسولِ ﷺ پیش کی۔ درجہ پنجم مکتب کے طالب علم عبدالرحمن مولوی نے عربی زبان میں ’’کتاب اور مطالعے کی اہمیت‘‘ کے موضوع پرعربی زبان میں پُرمغز تقریر پیش کر کے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔
پروگرام کی نظامت مولانا عبدالواسع پیشمام ندوی نے انجام دی، جبکہ مکتب کے صدر مدرس مولانا عبدالحسیب ندوی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے لائبریری کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور تمام معاونین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔




