مسلمان اپنے برادرانِ وطن کے ساتھ تعلقات مضبوط کریں اور اپنے کردار و عمل سے اپنی شناخت قائم کریں، اڈپی میں فکروخبر کے سوال پر اے پی سی آر کے نیشنل سکریٹری کا اظہارِ خیال
اڈپی (فکروخبر نیوز) اے پی سی آر کے نیشنل سکریٹری ندیم خان نے ملک کی موجودہ صورت حال میں نوجوانوں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کی جدوجہد میں مؤثر کردار ادا کریں۔
اڈپی آمد کے موقع پر فکروخبر کے رپورٹر ارسلان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ندیم خان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں نوجوانوں نے جس طرح اپنی موجودگی اور طاقت کا احساس دلایا ہے، وہ قابلِ توجہ ہے۔ نوجوان اپنے حقوق کے حصول کے لیے میدان میں اترے، جدوجہد کی اور اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں نوجوان نسل کو آگے آنے اور اپنی ذمہ داریاں محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق حقوق کے حصول اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے منظم اور متحدہ جدوجہد ناگزیر ہے۔
ندیم خان نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ’’ووٹ چوری کی حکومت‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت عوام، خصوصاً مسلمانوں کو یہ احساس دلانے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ تنہا ہیں۔ تاہم انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس احساس کا شکار ہونے کے بجائے برادرانِ وطن کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔ ندیم خان نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ سماج کے دیگر طبقات کے ساتھ اپنے روابط بڑھائیں، باہمی اعتماد کو فروغ دیں اور اپنے اخلاق و کردار کے ذریعے اپنی شناخت قائم کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں معاشرتی ہم آہنگی، باہمی اتحاد اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔




