ہوناور (فکروخبر نیوز) ضلع اتر کنڑ کے ہوناور تعلقہ میں رام تیرتھ موڑ کے قریب قومی شاہراہ پر پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث پہاڑی کی مٹی نرم ہو گئی تھی، جو اچانک سڑک پر آ گری اور شاہراہ کا ایک حصہ ملبے سے بھر گیا۔
خوش قسمتی سے واقعے کے وقت وہاں سے کوئی گاڑی نہیں گزر رہی تھی، جس کے باعث ممکنہ جانی نقصان ٹل گیا۔
اطلاع ملتے ہی قومی شاہراہ کے حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور جے سی بی مشینوں کی مدد سے مٹی ہٹانے کا کام شروع کیا گیا، جس کے بعد جزوی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔
ادھر مسلسل بارش اور پہاڑی کے اوپری حصے میں دراڑیں ظاہر ہونے کے سبب مزید مٹی کھسکنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر انتظامیہ نے اس مقام پر عارضی طور پر یکطرفہ ٹریفک نظام نافذ کر دیا ہے اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ساحلی کرناٹک میں مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔



