منگلورو: ساحلی کرناٹک میں جاری بارش کے نتیجے میں دکشن کنڑ ضلع کے منگلورو میں ایک انتہائی دردناک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ کنکناڈی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ناگوری علاقے میں شدید بارش کے دوران ایک گھر پر پڑوس کے احاطے (کمپاؤنڈ) کی دیوار گرنے سے ایک خاتون اور دو کمسن بچیوں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت گھر کے اندر ایک ہی خاندان کے 6 افراد موجود تھے، جو ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی این ڈی آر ایف (NDRF) کی ٹیم اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور بڑے پیمانے پر بچاؤ کاری کا کام شروع کیا گیا۔ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 48 سالہ بالاکرشنا، 14 سالہ الکا اور 11 سالہ انوشا کو بحفاظت زندہ نکال کر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ تاہم، 46 سالہ شانتا، 8 سالہ انامیکا چورسیا اور 4 سالہ پری ملبے کے نیچے دب جانے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ متاثرہ خاندان کا تعلق ریاست بہار سے ہے جو گزشتہ 20 برسوں سے کانکناڈی پولیس اسٹیشن کے پیچھے رہائش پذیر تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی دکشن کنڑ کے ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔




