بھٹکل (فکروخبر نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرِ ثانی مہم (Special Intensive Revision) کے پیشِ نظر مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کے اشتراک سے بندر روڈ پر ایک خصوصی ‘ایس آئی آر ہیلپ لائن سینٹر’ قائم کیا ہے، جس کا افتتاح اتوار کے روز عمل میں آیا۔
اس مرکز کا مقصد ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج، تفصیلات کی تصحیح، ووٹر معلومات کی توثیق اور الیکشن کمیشن کی جاری خصوصی مہم سے متعلق عوام کو رہنمائی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کی ایس آئی آر کمیٹی کے کنوینر جناب مبشر ہلارے نے بتایا کہ اس دفتر میں تربیت یافتہ رضاکار موجود رہیں گے جو فارم بھرنے اور دیگر ضروری مراحل میں عوام کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
اس موقع پر مجلسِ اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شابندری نے تمام اہل ووٹروں، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹر لسٹوں کی درستگی کے عمل میں بھرپور تعاون کریں اور گھر گھر پہنچنے والے بوتھ لیول افسران (BLOs) اور بوتھ لیول ایجنٹوں (BLAs) کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں تاکہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر فہرست سے محروم نہ رہے۔
منتظمین کے مطابق ہیلپ لائن سینٹر روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک خدمات انجام دے گا۔ عوام مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبر 9972818849 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
پروگرام کا آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا، جناب مبشر ہلارے کے استقبالیہ کلمات سے ہوا جبکہ تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عزیز الرحمن رکن الدین نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ تقریب میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف سمیت متعدد افراد موجود تھے۔




