ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک بڑی راحت اور اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے ‘خادمِ حرمین شریفین حج، عمرہ اور زیارت پروگرام برائے مہمانان’ کے تحت 66 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1,000 عمرہ زائرین کی میزبانی کی خصوصی منظوری دے دی ہے۔ یہ کوٹہ ان ممتاز اور بااثر مسلم شخصیات کے لیے مخصوص ہوتا ہے جنہیں سعودی قیادت کی جانب سے شاہی مہمان کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے واضح کیا ہے کہ اس باوقار پروگرام کو رواں ہجری سال 1448ھ کے دوران چار مختلف مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کے تحت انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، چین، جاپان اور سنگاپور سمیت 16 ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے 250 عمرہ زائرین کو سعودی عرب میں حاضری اور عمرہ کی سعادت کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے۔
سعودی وزیرِ اسلامی امور و دعوت و ارشاد، ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز الشیخ نے اس مبارک موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد مسلم دنیا کے مختلف طبقات کے درمیان اخوت، اتحاد اور رابطوں کو فروغ دینا ہے، جبکہ عالمی سطح پر علماء، دینی رہنماؤں اور مسلم معاشروں کی بااثر شخصیات کے مابین تعلقات کو مزید پائیدار اور مضبوط بنانا ہے۔




