مفتی اشفاق قاضی کی نگرانی میں منعقد پروگرام کی پذیرائی، 123طلبہ کا کریئر اسیسمنٹ اور انفرادی کونسلنگ
ممبئی (فکروخبر/پریس ریلیز) فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کی جانب سے سنیچر 16؍مئی کو مدنپورہ کے محفل ہال میں ’’کریئر گائیڈنس ایونٹ 2026‘‘ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں جماعت نہم سے بارہویں تک کے طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صبح 10بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں تقریباً 150 رجسٹریشن ہوئے، جبکہ 123طلبہ کا باقاعدہ کریئر اسیسمنٹ اور انفرادی کریئر کونسلنگ انجام دی گئی، یہ منفرد پروگرام فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کے بانی و ڈائریکٹر، معروف عالمِ دین، ممتاز شریعہ اسکالر اور تجزیہ نگار مفتی اشفاق قاضی کی خصوصی نگرانی اور سرپرستی میں منعقد کیا گیا، پروگرام کا مقصد طلبہ اور والدین کو روایتی تعلیمی شعبوں سے آگے بڑھ کر جدید اور روزگار سے مربوط میدانوں سے واقف کرانا تھا تاکہ نئی نسل بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ اپنے مستقبل کا انتخاب کرسکے، پروگرام میں شریک ہر رجسٹرڈ طالب علم کے لیے مفت ’’کریئر انٹرسٹ اسیسمنٹ‘‘ کا اہتمام کیا گیا تھا، اس ڈیجیٹل اسیسمنٹ میں طلبہ سے تقریباً 150 سوالات پوچھے گئے، جن کے جوابات کی بنیاد پر طلبہ کی دلچسپی، ذہنی رجحان اور صلاحیتوں کے مطابق چار تا پانچ موزوں کریئر آپشنز تجویز کیے گئے، اسیسمنٹ رپورٹ موصول ہونے کے بعد طلبہ نے تجربہ کار کریئر اور ایجوکیشن کونسلرز کے ساتھ انفرادی نشستیں کیں، جہاں انہیں ان کی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور مستقبل کے امکانات کے مطابق تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی، پروگرام کی ایک اہم خصوصیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بیس ڈومین ایکسپرٹس اور اداروں کی شرکت رہی، جنہوں نے طلبہ کو اپنے اپنے شعبوں کے بارے میں عملی معلومات فراہم کیں، ان شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیٹا سائنس، مشین لرننگ، پیرا میڈیکل، اسکل ڈیولپمنٹ، قانون، پولی ٹیکنک، دفاعی تعلیم، سیاحت، طبی تعلیم اور شارٹ ٹرم ڈپلومہ کورسز شامل تھے، ماہرین نے طلبہ کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ کامیابی صرف سائنس، کامرس یا آرٹس تک محدود نہیں، بلکہ موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، تکنیکی تعلیم، اسکل بیسڈ کورسز اور مختصر مدتی ڈپلومہ پروگرامز کے ذریعے بھی بہترین روزگار اور روشن مستقبل حاصل کیا جاسکتا ہے، پروگرام میں شریک والدین نے اس اقدام کو بے حد مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رہنمایانہ پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ اکثر طلبہ اور سرپرست محدود معلومات کی وجہ سے صرف چند روایتی شعبوں تک خود کو محدود کر لیتے ہیں، والدین نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ بچوں کو ایک ہی مقام پر مختلف فیلڈز کے ماہرین سے ملاقات اور معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا، منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو ’’جاب ریڈی‘‘ بنانا اور انہیں ایسے کورسز و مہارتوں سے متعارف کرانا تھا جو کم مدت میں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرسکیں، پروگرام میں جن اداروں اور تنظیموں نے اپنے معلوماتی ٹیبل اور رہنمائی مراکز قائم کیے تھے ان میں سرفہرست ، نیکس کور، ایچ ایس ای ٹریننگ، سی این سی ٹریننگ، اسکوپ، ایجو کاؤنسل ایونیو، ٹاٹا اسٹرائیو، رستم جی، حاجی ہاؤس ۔ یو پی ایس سی رہنمائی، لیگل ایڈ،کالسیکر، ایپ ٹیک، انیس ڈیفنس، مہاراشٹر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آٹو انسٹی ٹیوٹ، ڈی او ای ایس ( ایڈووکیٹ ندیم )، بھکتی ویدانت، صابو صدیق، وائڈ ونگس اور اکبر اکیڈمی ایچ ایس سی ٹریننگ شامل ہیں، پروگرام کے اختتام پر منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعلیمی اور رہنمائی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو صحیح سمت، بہتر مواقع اور عملی میدانوں کی درست معلومات فراہم کی جاسکیں۔ طلبہ اور والدین نے بھی امید ظاہر کی کہ اس طرح کے پروگرام نئی نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔




