نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز جعلی برتھ سرٹیفکیٹ معاملے میں سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کی سزا پر لگی روک کو برقرار رکھتے ہوئے اتر پردیش حکومت کی جانب سے دائر اپیل مسترد کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم خان کو بھی بڑی قانونی راحت فراہم کرتے ہوئے ان کی سزا معطلی کی اپیلیں منظور کر لی ہیں۔
یہ اہم فیصلہ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنایا۔ عدالت عظمیٰ میں یہ سماعت الہ آباد ہائی کورٹ کے مئی 2024 کے اس حکم کے خلاف دائر مختلف اپیلوں پر ہو رہی تھی، جس میں ہائی کورٹ نے اعظم خان کی سزا تو معطل کر دی تھی، تاہم ان کی اہلیہ اور بیٹے کو یہ راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ سماعت کے دوران اعظم خان اور ان کے اہل خانہ کی پیروی سینئر وکیل کپل سبل اور ایڈووکیٹ نظام پاشا نے کی۔
اتر پردیش حکومت نے الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اعظم خان کی سزا معطل کیے جانے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جبکہ تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم خان نے اپنی سزا معطل نہ کیے جانے کے خلاف الگ الگ اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے اعظم خان کے خاندان کے تینوں افراد کو یکساں قانونی راحت دی ہے۔
اس مقدمے کا پس منظر 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے جڑا ہوا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے شکایت درج کرائی تھی کہ عبداللہ اعظم خان نے مختلف تاریخ پیدائش کے دو برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیے ہیں اور اسمبلی انتخاب لڑنے کی اہلیت پوری کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی دستاویز کا سہارا لیا گیا۔ اس شکایت کی بنیاد پر اکتوبر 2023 میں ٹرائل کورٹ نے دھوکہ دہی، جعل سازی اور مجرمانہ سازش سمیت مختلف دفعات کے تحت اعظم خان، تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم کو مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔
بعد ازاں الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کے مبینہ کردار کو ان کی اہلیہ اور بیٹے سے الگ قرار دیتے ہوئے صرف انہیں سزا معطلی کا فائدہ دیا تھا، تاہم اب سپریم کورٹ نے اس تفریق کو ختم کرتے ہوئے تینوں کی سزا معطل رکھنے کا حکم صادر کیا ہے۔
سیاسی اور قانونی حلقوں میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو اعظم خان اور سماج وادی پارٹی کے لیے ایک بڑی اخلاقی اور قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ طویل عرصے سے متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے سینئر اقلیتی رہنما اور ان کے خاندان کے لیے یہ فیصلہ نہ صرف قانونی دباؤ کم کرنے کا باعث بنے گا بلکہ اتر پردیش کی سیاست میں بھی اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔




