بھٹکل (فکرو خبر نیوز) بھٹکل سب ڈویژنل آفیسر (اسسٹنٹ کمشنر) کا عہدہ، جو گزشتہ ایک سال سے خالی تھا، بالآخر پُر کر دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے جی مہیش (KAS جونیئر اسکیل) کو اس عہدے پر نامزد کیا ہے، جنہوں نے گزشتہ روز باضابطہ طور پر اپنا چارج سنبھال لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈاکٹر نیان این کے تبادلے کے بعد سے اسسٹنٹ کمشنر (AC) کی نشست خالی پڑی تھی۔ اس دوران سرسی کی اسسٹنٹ کمشنر کماری کاویہ رانی کو بھٹکل کا اضافی چارج دیا گیا تھا، تاہم ان کے حالیہ تبادلے کے بعد یہ عہدہ ایک بار پھر مکمل طور پر خالی ہو گیا تھا۔ عارضی طور پر ہوناور کے تحصیلدار پروین کرنڈے کو اس عہدے کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
حکومتی احکامات کے مطابق بھٹکل پہنچنے والے نئے افسر جی مہیش نے دفتر میں سرکاری دستاویزات پر دستخط کر کے اپنی نئی ذمہ داریوں کا آغاز کیا۔ وہ اس سے قبل ‘ڑپی سٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
بھٹکل کے اس اہم عہدے پر مستقل افسر کی تعیناتی سے عوامی کاموں میں تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔




