مغربی بنگال سے ممتا بنرجی کی وداعی ، بی جے پی کی تاریخی برتری

مغربی بنگال کی سیاست میں آج ایک بڑا الٹ پھیر دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے لیے جاری ووٹوں کی گنتی نے ریاست کے سیاسی منظر نامے کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ 294 رکنی اسمبلی کی 290 نشستوں کے جو تازہ ترین رجحانات سامنے آئے ہیں، ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 190 نشستوں پر مضبوط سبقت حاصل کر لی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ 15 سالوں سے اقتدار پر قابض وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس محض 97 نشستوں تک سمٹتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، جس کے بعد ریاست میں پہلی بار بی جے پی کی حکومت بننے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

انتخابی معرکے میں سب سے بڑا مقابلہ بھوانی پور کی نشست پر دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا مقابلہ ان کے سابق دستِ راست اور اب اپوزیشن لیڈر شویندو ادھیکاری سے ہے۔ شویندو ادھیکاری نے اس بار ممتا بنرجی کے گڑھ میں انہیں براہِ راست چیلنج دے کر مقابلے کو انتہائی سخت بنا دیا ہے۔ گنتی کے ابتدائی گھنٹوں سے ہی بی جے پی کے حق میں لہر نظر آ رہی ہے اور اگر یہی رجحانات حتمی نتائج میں تبدیل ہوئے تو مغربی بنگال میں آزادی کے بعد پہلی بار زعفرانی پرچم لہرائے گا۔

ریاست میں دو مرحلوں میں ہونے والی پولنگ کے بعد آج ہونے والی گنتی نے ایگزٹ پولز کے تمام اندازوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 2021 کے انتخابات میں 215 نشستیں جیتنے والی ترنمول کانگریس اس بار 100 کا ہندسہ چھونے کے لیے بھی جدوجہد کر رہی ہے۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) اور اینٹی انکمبنسی فیکٹر نے ممتا بنرجی کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ کانگریس اور لیفٹ فرنٹ اس بار بھی کسی بڑے معرکے میں نظر نہیں آ رہے، جبکہ معطل ٹی ایم سی ایم ایل اے ہمایوں کبیر کی نئی جماعت نے بعض علاقوں میں ووٹوں کی تقسیم میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مغربی بنگال اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے 148 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے اور بی جے پی اس وقت جادوئی عدد سے کہیں آگے نکل چکی ہے۔ کولکتہ سمیت ریاست کے مختلف حصوں میں بی جے پی کارکنوں نے جشن منانا شروع کر دیا ہے، جبکہ ٹی ایم سی کے کیمپوں میں خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ممتا بنرجی کے لیے اقتدار بچانا ناممکن ہو جائے گا اور بنگال کی سیاست میں ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا۔

شیئر کریں۔