بیجنگ: چین نے ایرانی تیل کی خریداری کے معاملے پر امریکا کی جانب سے چینی کمپنیوں پر عائد کردہ تازہ پابندیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، چین نے ان پانچ چینی کمپنیوں کے حق میں حکم امتناع جاری کر دیا ہے جنہیں امریکی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
چینی وزارت تجارت نے ایک تند و تیز بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ امریکا کی ‘لانگ آرم جورسڈکشن’ اور ان غیر قانونی پابندیوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے، کیونکہ یہ اقدامات دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں۔
وزارت نے مزید تبیہ کی ہے کہ چین اپنے تجارتی اداروں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت نے متاثرہ کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور امریکی پابندیوں کے اثر کو بے اثر کرنے کے لیے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔




