دبئی: (فکروخبرنیوز) بی ایم جے ڈی کی جانب سے امسال حجِ بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے جماعت سے منسلک عازمین کے لیے ‘رہنمائے حج’ کے عنوان سے ایک خصوصی تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس نشست میں حج کے ارکان، مسائل اور اس سفر کی روحانی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ایس ایم ندوی نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کی سعادت محض اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے، اس میں انسان کی اپنی ذات یا مال کا کوئی کمال نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عازمینِ حج اس سفر میں رزقِ حلال کا خاص اہتمام کریں، کیونکہ رزقِ حرام کے ساتھ کی گئی حاضری بارگاہِ الٰہی میں مقبول نہیں ہوتی۔ انہوں نے خلوصِ نیت اور حقوق العباد کی مکمل ادائیگی کو بھی حج کی قبولیت کے لیے لازمی قرار دیا۔
دورانِ سفر اخلاقی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا نے کہا کہ اس مبارک سفر میں فحش گوئی، گناہ اور لڑائی جھگڑے سے مکمل اجتناب ضروری ہے اور احرام باندھتے ہی حاجی کے ذہن میں آخرت کا تصور ہونا چاہیے کہ ایک دن ہمیں اسی طرح دو چادروں میں لپٹ کر اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے۔ انہوں نے عازمین سے درخواست کی کہ وہ مقدس مقامات پر اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لیے دعاؤں کے ساتھ ساتھ ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ تربیتی کیمپ کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی رہا، جس میں عازمین کے مختلف سوالات کے جوابات دیے گئے۔ نشست کا آغاز مولوی رباح رکن الدین کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جناب غفران دامدا ابو نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، نظامت کے فرائض مولوی مشہود سعدا ندوی نے انجام دیے، اور مولانا مولیٰ کرانی ندوی کی دعائیہ کلمات پر نشست کا اختتام ہوا۔




