کیا اب یونیفارم سول کوڈ کی طرف بڑا قدم آنے بڑھائے گی بی جے پی : وزیراعظم مودی نے دیا اشارہ؟

وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں خاص طور سے آر ایس ایس کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آر ایس ایس کے بڑے اور پاکیزہ برگد کے درخت کے نیچے ہمیں پاک ارادوں اور ایمانداری کے ساتھ سیاست میں قدم رکھنے کی ترغیب ملی۔ ابتدائی کچھ دہائیوں میں ہم نے تنظیم کے لیے پالیسیاں بنانے میں اپنی توانائی وقف کی۔ پھر وہ وقت آیا جب بی جے پی نے خود کو ایک مضبوط کیڈر پر مبنی پارٹی کی شکل میں بنانے میں پوری طرح سے جھونک دیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے کارکنان کا ایک ایسا بڑا کیڈر بنایا جو خدمت کے جذبہ سے کام کرنے کے لیے وقف تھا، جس نے پارٹی کے اصولوں کو اپنی زندگی کا ماڈل بنایا، جس نے کسی بھی حالت میں اپنے اقدار سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز بی جے پی کے یومِ تاسیس پر پارٹی کارکنان کی قربانیوں کو سلام کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنان نے سیاسی تشدد اور ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کیا تاکہ پارٹی کو مضبوط کیا جا سکے اور ملک کی خدمت کی جا سکے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پارٹی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ملک جانتا ہے، ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے بی جے پی ایمانداری سے کوشش کر رہی ہے، آگے بھی کرے گی۔ پہلے بھی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور آگے بھی برآمد ہوں گے۔‘‘

پی ایم مودی نے بی جے پی حکومت میں کیے گئے کاموں کو بھی اپنے خطاب کے دوران یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’انگریزوں کے دور کے سینکڑوں سیاہ قوانین، جمہوریت کے لیے نئی پارلیمنٹ کی تعمیر، عام سماج کے غریبوں کے لیے 10 فیصد ریزرویشن، قانون بنا کر 3 طلاق پر روک، سی اے اے، ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ایسے کتنے ہی کام ہیں، جو بی جے پی کی ایماندار کوششوں کا نتیجہ ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارا مشن اب بھی جاری ہے۔ یونیفارم سول کوڈ اور ایک ملک، ایک قانون ایسے سبھی معاملوں پر آج ملک میں ایک سنجیدہ گفتگو ہو رہی ہے۔‘‘