چلتی سرکاری بس کا دروازہ اچانک کھل گیا، دوطالبات زخمی ، زخمی ہونے کے باوجود ایس ایس ایل سی کا دیا امتحان

بیلتنگڈی (فکروخبرنیوز) ضلع دکشنا کنڑا کے بیلتنگڈی تعلقہ میں منگل کی صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک چلتی بس کا دروازہ اچانک کھل گیا، جس کے نتیجے میں دو طالب علم بہنیں سڑک پر گر کر زخمی ہو گئیں۔

زخمی طالبات کی شناخت کرشمہ (ایس ایس ایل سی کی طالبہ) اور اس کی بہن چشمیکا (پی یو سی کی طالبہ) کے طور پر ہوئی ہے، جو نیاترپو گاؤں کی رہنے والی ہیں۔ دونوں بہنیں گیروکٹے سے بس میں سوار ہو کر بیلتنگڈی اپنے تعلیمی ادارے جا رہی تھیں کہ ریشمے روڈ کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق بس کے چلتے ہوئے اچانک دروازہ کھل گیا، جس کے باعث دروازے کے قریب کھڑی دونوں بہنیں توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور سڑک پر جا گریں۔ حادثے کے فوراً بعد انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں مزید علاج کے لیے بیلتنگڈی اور اجیرے کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کرشمہ، جو اپنے ایس ایس ایل سی کے عوامی امتحان میں شرکت کے لیے جا رہی تھی، زخمی ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور طبی امداد کے بعد امتحانی مرکز پہنچ کر اپنا پرچہ بھی دیا۔

ابتدائی طور پر زخموں کی شدت کے بارے میں خدشات ظاہر کیے گئے تھے، تاہم بعد میں موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں بہنوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔