بھٹکل کے سب انسپکٹر نوین ایس نائک کو چیف منسٹر گولڈ میڈل 2025 سے نوازنے کا اعلان

بھٹکل: بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے سب انسپکٹر نوین ایس نائک کو سال 2025 کے باوقار چیف منسٹر گولڈ میڈل کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی اور مثالی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق نوین ایس نائک کو خاص طور پر منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور سنگین جرائم کے مقدمات کو حل کرنے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فوری کارروائی اور فرض شناسی کو ریاستی سطح پر سراہا گیا ہے۔

نوین ایس نائک اس وقت بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں اور اس سے قبل کمٹہ اور گوکرنا سمیت ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

امن و امان کی بحالی اور جرائم کی روک تھام کے لیے ان کی مستقل کاوشوں نے انہیں محکمہ پولیس میں ایک مستعد اور قابل افسر کے طور پر نمایاں مقام دلایا ہے۔ ان کے اس اعزاز پر مقامی حلقوں اور پولیس محکمہ کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔