امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کا اثر ہندوستان پر بھی پڑ رہا ہے۔ ایل پی جی کی کمی کی خبروں کے درمیان حکومت نے اس کی بکنگ کے متعلق کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ سلنڈر بکنگ کو لے کر ایک بار پھر سے نیا قانون آ گیا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر 2 سلنڈر والے کنکشن پر پڑنے والا ہے۔ ایسے صارفین اب 35 روز بعد ہی گیس بکنگ کر سکیں گے۔ حالانکہ ایک سلنڈر والوں کو پہلے کی طرح 25 روز کے وقفہ پر سلنڈر ملے گا۔
اس بار مختلف زمروں کے صارفین کے لیے اصول بھی الگ طے کیے گئے ہیں۔ ’اجولا یوجنا‘ کے تحت گیس سلنڈر کا استعمال کرنے والے صارفین کو نئے سلنڈر کے لیے اب طویل انتظار کرنا پڑے گا۔ اس منصوبہ کے تحت ایل پی جی گیس سلنڈر کا استعمال کرنے والے لوگوں کو اگلی بکنگ کے لیے 45 دن کا انتظار کرنا ضروری ہوگا۔ دوسری جانب جن صارفین کے پاس ایک سلنڈر والا کنکشن ہے وہ گزشتہ ڈیلیوری کے 25 دن بعد ہی نیا سلنڈر بک کر سکیں گے۔
شہری علاقوں کے لوگوں کے لیے تھوڑی راحت ضرور ہے لیکن گاؤں میں رہنے والے صارفین کے لیے سلنڈر بکنگ کے اصول مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو اگلی بکنگ کے لیے 45 دن کا انتظار کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈیلیوری کے وقت او ٹی پی بتانا بھی ضروری کر دیا گیا ہے۔ اگر کوئی صارف ’ای کے وائی سی‘ مکمل نہیں کرتا ہے تو اس کی بکنگ منسوخ بھی کی جا سکتی ہے
اب 5 کلوگرام کا ’چھوٹو‘ سلنڈر ’اجولا‘ صارفین کو 16 دن میں، جبکہ عام صارفین کو 9 دن میں مل سکے گا۔ اس کے علاوہ 10 کلو والے ’کمپوزٹ‘ سلنڈر کے لیے 18 دن کا وقفہ طے کیا گیا ہے، حالانکہ یہ زمرہ ’اجولا‘ صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایل پی جی کی کمی کے درمیان انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ مستقبل میں گیس کی قلت میں مزید اضافہ نہ ہو اور کالا بازاری پر لگام لگائی جا سکے، اسی کے مدنظر یہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
