دوحہ: انڈین نوائط وقت کمیونٹی قطر (INCQ) کی جانب سے 12 فروری 2026 کی شام اپنے اراکین کے لیے ’’استقبالِ رمضان‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد بعدِ نمازِ عشاء کمیونٹی کے صدر جناب عبدالرب اسماعیلجی کی صدارت میں ہوا۔
پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی مولانا عبدالمتین منیری صاحب ،جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ناظم مولانا طلحہ رکن الدین ندوی اور استاد جامعہ مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی وغیرہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز حافظ محمد بن عبدالرب اسماعیلجی کی روح پرور تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جنہوں نے رمضان المبارک کے فضائل سے متعلق آیات کی تلاوت کی۔
جنرل سکریٹری رزین رکن الدین نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانان کا خیرمقدم کیا اور ماہِ رمضان کی تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک محاسبۂ نفس، اصلاحِ اعمال اور اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کا سنہرا موقع ہے۔
مولانا وصی اللہ ڈی ایف صاحب نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی عظمت بیان کرتے ہوئے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ اس مقدس مہینے کے روحانی فوائد سمیٹنے کے لیے ابھی سے تیاری کریں۔ انہوں نے بعض منفی عادات اور مصروفیات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے اجتناب کی تاکید کی۔
ناظمِ جامعہ مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے وفد کے دورے کا مقصد بیان کیا اور ادارے کی تعلیمی و دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو ادارے کی ترقی اور معاونت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔
مہمانِ خصوصی مولانا عبدالمتین منیری صاحب نے بھٹکل کی تاریخ اور تہذیبی خصوصیات پر مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے ماضی اور حال کے طرزِ زندگی کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کمیونٹی کی اجتماعی اصلاح اور ترقی کے لیے عملی قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام میں INCQ کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور معزز مقررین کے خطابات سے استفادہ کیا۔ تقریب کا اختتام جنرل سکریٹری رزین رکن الدین کے شکریہ کے کلمات اور مولانا طلحہ رکن الدین ندوی کی دعا پر ہوا۔

