اُڈپی (فکروخبرنیوز) چلتی کار میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں ٓارہا ہے۔
تازہ واقعہ اڈپی کے شروا کا ہے جہاں ایک پیر کی آدھی رات ایک کارکو سڑک کے بیچ میں اچانک آگ لگ گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ کار منگلورو سے شروا جارہی تھی۔
حادثہ میں ڈرائیور سمیت گاڑی میں موجود پانچ افراد محفوظ ہیں اور ڈرائیور کی حاضر دماغی کی داد دی جارہی ہے۔
پیر کی رات دیر گئے جب کار منگلورو سے شروا کی طرف جارہی تھی اور نیارم کے علاقے میں پہنچی تو انجن سے دھواں نکلنے لگا۔ اس سے ہوشیار ہو کر ڈرائیور نے فوراً گاڑی کو سڑک کے کنارے کر دیا اور اپنے ساتھ سفر کر رہے خاندان کے چاروں افراد کو فوراً نیچے اترنے کو کہا۔ سب کے اترنے کے چند لمحوں بعد ہی آگ کے شعلوں نے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جو تھوڑی ہی دیر میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے قریبی گھروں سے پائپوں کے ذریعے پانی چھڑک کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ تاہم آگ پہلے ہی تیزی سے پھیل چکی تھی جس کے نتیجے میں کار پوری طرح جل گئی۔
