بھٹکل: طلحہ کالونی کے قریب میدان میں آگ لگنے سے افرا تفری، فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پایا

بھٹکل (فکروخبرنیوز) شہر کے طلحہ کالونی کے قریب واقع ویمن سینٹر کے عقب میں موجود میدان میں آج کی شام تقریباً سات بجے اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔ میدان میں موجود خشک گھاس میں لگی آگ تیزی سے پھیلنے لگی، جسے دیکھ کر آس پاس کے مکینوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔

مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم آگ کے تیزی سے بڑھنے کے باعث یہ خدشہ لاحق ہوگیا کہ کہیں شعلے قریبی مکانات کو اپنی لپیٹ میں نہ لے لیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوراً فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ بروقت کارروائی کے باعث کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوسکا۔

مقامی لوگوں کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اس موقع پر اسلم، داؤد، ناصف، ناصر، فیصل سمیت دیگر مقامی افراد نے فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بجھانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے اہلِ علاقہ نے سراہا۔