بہار ضمنی اسمبلی انتخاب کے لئے مہا گٹھ بندھن نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ بہار میں کل 4 سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں جن امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان پر اتحاد کی تمام جماعتوں نے مہر لگا دی ہے۔
امام گنج سے آر جے ڈی کے روشن کمار مانجھی عرف راجیش مانجھی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیلا گنج سے آر جے ڈی کے وشوناتھ یادو، رام گڑھ سے آر جے ڈی کے اجیت کمار سنگھ، جبکہ تراری اسمبلی سیٹ سے سی پی آئی (ایم ایل) کے راجو یادو مقابلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخاب میں بہار کے چار اراکین اسمبلی سداما پرساد (تراری)، سدھاکر سنگھ (رام گڑھ)، سریندر یادو (بیلا گنج) اور جیتن رام مانجھی (امام گنج) ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے، جس بنا پر ان چاروں اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
واضح ہو کہ منگل کو الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے لئے تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ جس کے مطابق مہاراشٹر میں ایک مرحلہ میں انتخابات ہوں گے، جبکہ جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ اسی کے ساتھ 15 ریاستوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں بہار کی 4 سیٹ بھی شامل ہیں، جن پر 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 23 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔