جب تک ہندوستان میں بی جے پی ہے مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملےگا:امت شاہ

جھارکھنڈ اور مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔جیسے جیسے ووٹنگ کی تاریخ قریب آ رہی ہے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سیاسی ریلیوں اور اجلاسوں کا بھی دور زور پکڑ رہا ہے۔ اپنے اپنے ایجنڈوں کے تحت سیاسی ماحول بنانے اور رائے دہندگان کو لبھانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ بی جے پی نے حسب روایت ایک بار پھر انتخابی ماحول کو ہندو مسلم کرنے کی پوری کوشش میں مصروف ہے۔بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے ہر انتخابی تقریر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کبھی در اندازاور گھسپیٹھیا کہا جا رہا ہے تو کبھی قبائلیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والا بتایا جا رہا ہے۔ ریزر ویشن کا بھی مدعا عروج پر ہے۔   مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک بار پھر اپنے ایجنڈے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان میں بی جے پی ہے مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر ہرگز ریزرویشن نہیں ملے گا۔

ہفتہ کو جھارکھنڈ میں ایک انتخابی جلسے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو مسلمانوں کے ریزرویشن کے بارے میں خبردار کیا۔ جھارکھنڈ کے پلامو  میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے سوال کیا کہ اگر مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دیا جائے تو دلتوں اور قبائلیوں کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آپ کا ریزرویشن کا حصہ کاٹ کر مسلمانوں کو دینا چاہتی ہے۔

شاہ نے کہا کہ جب تک بھارتیہ جنتا پارٹی ہندوستان میں ہے، اقلیتوں کو مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ملے گا۔امت شاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریزرویشن کی بات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ ہم کسی خاص مذہب کو کبھی بھی ریزرویشن نہیں دے سکتے۔ مہاراشٹر میں علماء کے ایک گروپ نے انہیں (کانگریس) کو میمورنڈم دیا کہ مسلمانوں کو 10 فیصد ریزرویشن دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں جھارکھنڈ کےلوگوں سے پوچھنے آیا ہوں کہ اگر مسلمانوں کو 10 فیصد ریزرویشن ملے گا تو کس کا ریزرویشن کم ہو گا؟ امت شاہ نے کہا کہ راہل بابا ایس سی-ایس ٹی-او بی سی سے ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی مہاراشٹر میں کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا، ‘ہم مسلم ریزرویشن دیں گے’۔ کرناٹک میں دیا، حیدرآباد میں دیا۔ لیکن آپ لوگ فکر نہ کریں، جب تک بی جے پی کی حکومت ہے، ہم SC-ST-OBC ریزرویشن کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے۔

«
»

بی جے پی کی باتوں میں پھنسیں گے تو کھسکیں گے: کھرگے

اتر پردیش :باندہ میں نو تعمیر مسجد کے خلاف ہندوتو گروپوں کا احتجاج