بھٹکل (فکروخبر نیوز) بنگلورو میں منعقدہ نیشنل روبوٹکس لیگ کے علاقائی سطح کے مقابلے میں بھٹکل کے انجمن پری یونیورسٹی کالج اور شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی تین ٹیموں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین خصوصی ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ اگرچہ تینوں ٹیمیں قومی سطح کے مقابلے کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکیں، تاہم ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔
شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی ٹیم کو مقابلے میں بہترین کارکردگی، اختراعی خیالات اور ٹیم کے باہمی تعاون کی بنیاد پر ’’انفلوئنسٹار ایوارڈ‘‘ (Influenstar Award) سے نوازا گیا۔ اگرچہ ٹیم فائنل مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکے لیکن طلبہ نے مقابلے کے دوران اپنی محنت، مستقل مزاجی اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے منتظمین کی جانب سے سراہا گیا۔
دوسری جانب انجمن پری یونیورسٹی کالج بھٹکل کی ٹیم ’’ٹارک کریو‘‘ (Torque Crew) نے روبوٹکس کی تعلیم کو اسکولی طلبہ تک پہنچانے اور ان میں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق دلچسپی پیدا کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں ’’کمیونٹی چیمپئنز ایوارڈ‘‘ (Community Champions Award) حاصل کیا۔
اس ٹیم نے اپنی سماجی و تعلیمی سرگرمیوں کے تحت مختلف اسکولوں میں روبوٹکس سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیے اور بنیادی روبوٹکس کی تعلیم کے لیے سات روزہ خصوصی تربیتی کورس کا بھی اہتمام کیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے ٹیم نے 248 اسکولی طلبہ کے علاوہ مزید 100 شرکاء تک روبوٹکس کی بنیادی معلومات پہنچائیں۔
کم عمر طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے اور انہیں روبوٹکس کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کی ان کوششوں پر ٹیم کو ایمیزون کی جانب سے پیش کردہ نیشنل روبوٹکس لیگ میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
اسی طرح انجمن پری یونیورسٹی کالج کی ایک اور ٹیم ’’ایپیکسیون‘‘ (Apexion) نے بھی مقابلے میں ’’برانڈ بلڈرز ایوارڈ‘‘ (Brand Builders Award) حاصل کرکے اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔
اس طرح انجمن پری یونیورسٹی کالج کی دو ٹیموں اور شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی ایک ٹیم نے مجموعی طور پر تین خصوصی ایوارڈز حاصل کیے۔
ادارہ فکروخبر انجمن پری یونیورسٹی کالج اور شمس پری یونیورسٹی کالج بوائز کی تینوں ٹیموں کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ یہ طلبہ مستقبل میں بھی سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔




