بھٹکل (فکروخبر نیوز) مکتب جامعہ اسلامیہ چوک بازار کی جانب سے آج سنیچر کو پھلوں اور سبزیوں کا ایک میلہ منعقد کیا گیا، جس میں مکتب کے طلبہ نے مختلف اقسام کے پھل اور سبزیاں منفرد انداز میں پیش کیں۔ اس میلے کا بنیادی مقصد طلبہ میں صحت بخش غذاؤں کے استعمال کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا اور انہیں غیر صحت بخش اشیاء سے پرہیز کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
اس موقع پر مکتب کے اساتذہ نے میلے کے انعقاد کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت سے طلبہ اپنے ٹفن میں جنک فوڈ اور دیگر ایسی اشیاء لاتے ہیں جن کا کثرت سے استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بچوں کو کم عمری ہی سے صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور اشیاء کے استعمال کی عادت ڈالی جائے۔
اساتذہ کے مطابق اس میلے کے ذریعے طلبہ کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ وہ اپنے روزمرہ کے ٹفن میں پھل، سبزیاں اور دیگر صحت بخش غذائیں شامل کریں، تاکہ ان کی جسمانی نشوونما بہتر ہو اور وہ غیر صحت بخش غذاؤں کے زیادہ استعمال سے بچ سکیں۔
میلے کا آغاز سنیچر کی صبح ہوا اور یہ شام تک جاری رہا۔ اس دوران طلبہ نے مختلف پھلوں اور سبزیوں کو الگ الگ انداز میں پیش کیا، جس سے انہیں ان اشیاء کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا بھی موقع ملا۔
میلے کو دیکھنے کے لیے صبح سے ہی والدین اور بچوں کے رشتہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ دن بھر میں سینکڑوں افراد نے مکتب پہنچ کر طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے پھلوں اور سبزیوں کا مشاہدہ کیا۔




