کیا یہ ممکن ہے ! خواب میں لاش دیکھی اور پھر۔۔۔۔

ایک روز قبل یہ سنسنی خیز خبر میڈیا میں آئی تھی کہ سندھو درگ ضلع کے ساونت واڑی تعلقے میں رہنے والے یوگیش آریہ (۳۰) نامی نوجوان نے خواب میں دیکھاکہ پڑوس کے ضلع رتناگیری میں واقع کھیڈ تعلقے کے جنگلوں میں کوئی لاش پڑی ہے جو اسے مدد کیلئے پکار رہی ہے۔اس نے یہ بات کھیڈ پولیس کو بتائی اور پولیس کو تلاش کرنے پر سچ مچ اس جگہ سے ایک لاش بر آمد ہوئی۔ بظاہر افسانوی معلوم ہونے والے اس واقعے کی پولیس گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔ اور اس کیلئے ایک ٹیم گوا بھیجی گئی ہے جہاں کچھ عرصہ پہلے تک خواب دیکھنے والا نوجوان یوگیش ملازمت کیا کرتا تھا۔
یاد رہے کہ یوگیش ساونت واڑی کے آجگائوں میں رہتا ہے جو کہ گوا سے قریب ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک وہ گوا میں ملازمت کیا کرتا تھا۔ پولیس کو توقع ہے کہ اسے گوا سے یوگیش کے تعلق سے خاصی معلومات حاصل ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ بات افسانوی یا فلمی معلوم ہوتی ہے کہ کسی کو خواب میں دکھائی دے کہ کوئی لاش جنگلوں میں پڑی ہے جبکہ اس لاش کا خواب دیکھنے والے سے کوئی تعلق بھی نہ ہو۔ اسلئے پولیس لاش کی شناخت کے ساتھ یوگیش کا پس منظر معلوم کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں سے وہاں درج گم شدگی کی شکایتیں منگوا رہی ہے ممکن ہے کہ ان میں سےکوئی شکایت اس لاش کے تعلق سے بھی ہو۔ ساتھ ہی لاش کے ڈی این اے کو میرج کے لیب میں جانچ کیلئے بھیجا گیا ہے۔ اس دوران اطلاع ملی ہے کہ جس روز یوگیش نے پولیس کو لاش کے تعلق سے بتایا اس سے ۵؍ روز قبل سے وہ اپنے گائوں ’آجگائوں‘ سے لاپتہ تھا۔ لوگ اسے ڈھونڈ رہے تھے ۔ وہ شاید کھیڈمیں تھا جہاں اس مقام کی تلاش میں تھا جو اسے خواب میں دکھائی دیتا تھا۔ اس کا اندازہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے اس کے ویڈیوز سے ہوتا ہے۔ ان ویڈیوز میں بھی یوگیش مذکورہ لاش کے تعلق سے بات کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ بعض میڈیا چینلوں نے جب اس کی تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یوگیش اس پہاڑی پر پہلے خود گیا تھا جہاں سے پولیس کو لاش ملی ہے۔ اس کے بعد اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ فی الحال پولیس کے ذریعے اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے ساونت واڑی میں بھی کچھ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی ہے۔

«
»

تعلیمی اداروں کوبامقصد بنائیے

بھٹکل : دھرنے پر بیٹھے آرٹی آئی ایکٹیوسٹ کو پولیس نے لیا حراست میں ، احتجاج ختم