کرناٹک حکومت کی جانب سے 15 ستمبر کو یوم جمہوریت پردنیا کی سب سے لمبی انسانی زنجیر تشکیل دینے کا منصوبہ تشکیل دیا ہے جس کا مقصد آزادی، مساوات اور بھائی چارگی اور دیگر جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2007 میں ہر سال 15 ستمبر کو یوم جمہوریت منانے کا اعلان کیا تھا، تب سے دنیا بھر میں یہ دن منایا جا رہا ہے۔
خبر کے مطابق اس کا آغاز ضلع بیدر سے ہوگا اور چامراج نگر تک کل 31 اضلاع کا یہ انسانی زنجیر احاطہ کرے گی جس کا لمبائی ڈھائی ہزار کلومیٹر ہوگی اور اس میں 25 لاکھ افراد شامل ہوں نے کی توقع ہے۔ جس کی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ دنیا میں اب تک بننے والی یہ سب سے بڑی انسانی زنجیر ہوگی۔
اس انسانی زنجیر میں جمہوری اقدار، اجتماعی آزادی، شخصی آزادی، شہریوں کے حقوق و فرائض وغیرہ اجاگر کرنے والے بینرس اور پلے کارڈس استعمال کیے جائیں گے۔ ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت نمایاں کرنے کے لئے انسانی زنجیر میں شریک ہونے والوں کی طرف سے 10 لاکھ پودے لگانے کا بھی منصوبہ ہے۔
کل صبح 9:30 بجے تشکیل پانے والی انسانی زنجیر کا اختتام 10 بجے دستور ہند دیباچہ پڑھنے کے ساتھ ہوگا۔ اس کے بعد 10:30 بجے تک پودے لگانے کا پروگرام ہوگا۔
ضلع اتراکنڑا میں اس کا ہلیال سے ہوگا جو بھٹکل کے گورٹے تک رہے گا جو 260 کلومیٹر کا احاطہ کرے گا۔ جنگلات اور پہاڑیاں کھسکنے کے خدشات والے علاقے کو چھوڑ کر بقیہ 114 کلو میٹر علاقے میں انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔ ضلع میں 80 ہزار سے زیادہ افراد انسانی زنجیر کا حصہ بنیں گے اور ایک کلومیٹر پر 800 افراد ہوں گے۔
عوام سے اس پروگرام میں پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
مجلس أصلاح وتنظیم نے بھی اس انسانی زنجیر کا حصہ بننے کے لیے پریس کانفرنس کے ذریعہ عوام سے گزارش کی ہے۔