ریاست کرناٹک میں نسائی شاعری کی نمائندہ مقبول و معروف شاعرہ کو ان کی شعری کتاب ‘رکا سا موسم’ کے لیے کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے ریاستی سطح کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ پچیس ہزار روپے، توصیفی سند، شال اور ہار پر مشتمل یہ ایوارڈ ڈاکٹر فرزانہ فرح کو بنگلور کے کے ایم ڈی سی آڈیٹوریم میں منعقدہ عظیم الشان جلسے میں عالی جناب نصیر احمد، سیاسی مشیر، وزیر اعلیٰ کرناٹک کے ہاتھوں تفویض کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ بلقیس بانو ایم ایل سی، چیرمین اکادمی مفتی محمد علی قاضی صاحب کے علاوہ اراکین اکادمی موجود تھے۔
واضح رہے کہ بھٹکل کے انجمن پری یونیورسٹی کالج برائے اناث میں بہ حیثیت پرنسپل کارگزار ڈاکٹر فرزانہ فرح کی شناخت شاعر کے علاوہ بہ حیثیت طنز و ظرافت اور انشائیہ نگار بھی منفرد و مستحکم ہے۔ان کے انشائیوں کے تین مجموعے ‘شوخی تحریر’، "دیکھنا تحریر کی لذت’ اور گل افشانیاں’ شائع ہو کر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں انھیں قومی و بین الاقوامی سطح کے مشاعروں میں شرکت کااعزاز بھی حاصل ہے۔
ڈاکٹر فرزانہ فرح کو ان کی کتاب کے لیے ایوارڈ تفویض کیے جانے کے موقع پر عزیر و اقارب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔