چھتیس گڑھ میں خوفناک ریل حادثہ، مال گاڑی اور مسافر ٹرین کی ٹکرمیں متعدد ہلاکتیں

بلاسپور، چھتیس گڑھ: منگل کی دوپہر بلاسپور ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے دلخراش ریل حادثے میں کم از کم پانچ افراد کی موت ہو گئی، جبکہ متعدد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک MEMU (مسافر ٹرین) کی ٹکر مال گاڑی سے ہو گئی۔ واقعہ شام تقریباً چار بجے پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد ریلوے اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اور طبی امدادی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں، اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کے باعث بلاسپور-ہاورہ ریلوے لائن پر ٹرین سروس مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے۔ کئی ٹرینوں کو منسوخ یا دوسرے راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اوورہیڈ بجلی کی تاریں اور سگنل سسٹم بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جن کی بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے حادثے سے متاثرہ افراد کے لیے ایکس گریشیا معاوضے کا اعلان کیا ہے:
مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے
شدید زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے
معمولی زخمیوں کے لیے 1 لاکھ روپے
ریلوے حکام کے مطابق، حادثے کی وجوہات کی جانچ کے لیے کمشنر آف ریلوے سیفٹی (CRS) کے تحت تفصیلی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔
موقع پر سینئر افسران موجود ہیں اور صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ بھی راحت کاری میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
ہنگامی رابطہ نمبرات (Emergency Helplines):
بلاسپور: 7777857335، 7869953330
چمپا: 8085956528
رائےگڑھ: 9752485600
پنڈرا روڈ: 8294730162
کوربا: 7869953330
اوسلاپور: 7777857338
ریلوے انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام ممکنہ امداد متاثرہ مسافروں کو فراہم کی جا رہی ہے اور ٹریک کلیئرنس کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ معمول کی آمد و رفت جلد بحال کی جا سکے۔

بھٹکل : ادھورے نیشنل ہائے وے کام پرمسلسل بڑھ رہی ہے عوامی ناراضگی ، سخت احتجاج کا انتباہ

ووٹنگ کے دن انہیں گھر سے نکلنے مت دو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جے ڈی یو لیڈر کے بیان سے مچا ہنگامہ ،